چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکوباسط زمان کا چکوال سرکل کا سرکاری دورہ، افسران کی آئیسکو کے ریکوری، لاسز، ڈیڈ ڈیفالٹرز، نیو کنکشن اور بجلی چوری کے حوالے سے بریفنگ

جمعہ 19 اکتوبر 2018 19:40

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکوباسط زمان نے کہا ہے کہ آئیسکو (واپڈا) صف اول کی کمپنی ہے مگر اس میں ابھی بھی مزید بہتری کی گنجائش ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو باسط زمان احمد نے چکوال سرکل کا سرکاری دورہ کیا اور افسران سے آئیسکو کے ریکوری، لاسز، ڈیڈ ڈیفالٹرز، نیو کنکشن اور بجلی چوری کے حوالے سے میٹنگ کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر کسٹمر سروس، چیف انجینئر آپریشن ڈائریکٹر، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشن، S.E. چکوال، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ایکسین چکوال، ایکسین تلہ گنگ، ایکسین پنڈ دادنخان، ایکسین ڈھڈیال، ایکسین کنسٹرکشن چکوال کے علاوہ چکوال سرکل کے تمام ایس ڈی او صاحبان بھی میٹنگ میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور ایمپلائز کی محنت کا ثمر ہے کہ آج آئیسکو پاکستان کی صف اول کی کمپنی ہے لیکن اس کے باوجود بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے اور تمام ایمپلائز اپنی کمپنی اور ملک کی بہتری کے لئے مزید محنت اور لگن سے کام کریں۔

میٹنگ کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر باسط زمان احمد نے واپڈا کمپلیکس چکوال میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا اور S.E چکوال کو ہدایت کی کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق گرین پاکستان کے تحت تمام دفاتر میں پودے لگا کر ملک کو سرسبز و شاداب بنانے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کریں۔