ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر منیر احمد کا انسداد خسرہ مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک کا دورہ

جمعہ 19 اکتوبر 2018 19:40

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر منیر احمد نے انسداد خسرہ مہم کے سلسلے میں اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک کا دورہ کیا دورہ کے موقع پر سی ای او ہیلتھ اٹک ڈاکٹر عبدالجبار، ڈی ڈی ایچ او اٹک ڈاکٹر سعید،فوکل پرسن ڈاکٹر محسن اشرف اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کہ انسداد خسرہ مہم کے حوالے سے حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کی ہدایات پر مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی جو پندرہ اکتوبر سے ستائیس اکتوبر تک جاری رہیں گی جس میں ضلع اٹک کے 2,98,000 بچوں کو ،جن کی عمریں چھ ماہ سے سات سال تک ہیں، کو خسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ڈی جی ہیلتھ پنجاب نے کہا کہ یہ آگاہی مہم ملک بھر میں جاری ہے ضلع اٹک میں اس سلسلے میں بھر پور تیاریا ں کی گئی ہیں اور عوام الناس کی سہولت کے لیے ضلع بھرمیں آگاہی مہم چلائی جارہی ہے اس ضمن میں ضلع اٹک کے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس اہم مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسل خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔