ڈی جی سپورٹس پنجاب نے ٹینس کورٹ،پنجاب انٹر نیشنل سوئمنگ کمپلیکس اور جمنیزیم ہال کا دورہ کیا

ٹینس کورٹ اور جمنیزیم ہال میں سہولتوںکا معائنہ کیا ،ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی نے بریفنگ دی اب وقت آگیا ہے کہ کھیلوں کو بہتر بنایا جائے، سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات جدید سہولتوں سے استعفادہ حاصل کریں، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی گفتگو

جمعہ 19 اکتوبر 2018 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے جمعہ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹر نیشنل سوئمنگ کمپلیکس ، ٹینس کورٹ اور جمنیزیم ہال کا دورہ کیا،ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، چیف کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک اور دیگر ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے ہمراہ تھے،ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے سوئمنگ پول کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا،ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی نے ڈی جی سپورٹس پنجاب کو سوئمنگ کمپلیکس کے بارے میں بریفنگ دی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرورنے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کھیلوں کو بہتر بنایا جائے، سوئمنگ کمپلیکس کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائیگا، سوئمنگ کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، سوئمنگ کا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے ایونٹس منعقد کرائیں گے، جمنیزیم ہال اور ٹینس کورٹ میں جدید سہولتوں سے سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات استعفادہ حاصل کرسکتے ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لئے ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہر کھیل کے لئے عالمی معیار کی سہولتیں موجود ہیں، ہم نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرتے ہوئے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔