توہین عدالت کیس، سابق سینٹر فیصل رضاعابدی کو مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) سینئرسول جج عامرعزیزخان نے توہین عدالت کیس میں سابق سینٹر فیصل رضاعابدی کو مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی کے خلاف عدلیہ مخالف بیانات کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر فیصل رضاعابدی کو پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے فیصل رضاعابدی کے مزید ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم پتہ کرناچاہتے ہیں یہ مہم کیوں چلائی گئی۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہاکہ ایک ہی ایشوپر3،3ایف آئی آردرج کرائی گئیں، سیکشن6 اورسیکشن7 کسی صورت میں موکل پراپلائی نہیں ہوتا، موکل کوئی دہشت گرد نہیں، سابق سینیٹر، انجینئر اور ایک اچھا شہری ہے۔وکیل صفائی کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ فیصل رضاعابدی سانس کی بیماری میں مبتلاہیں جیل میں ماحول مناسب نہیں۔ عدالت نے مزید ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا ، اور بعد میں سناتے ہوئے فیصل رضاعابدی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔