Live Updates

حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے مستقل حل کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے،تیمورسلیم جھگڑا

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے مستقل حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔عوامی خدمات کی فراہمی کے ادارے لوگوں کو درپیش مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے پوری ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں۔

خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو دوسری مرتبہ اقتدارکا موقع دیتے ہوئے ان پر جو اعتماد کیا ہے حکومت اس پر پورا اترنے کے لئے روایات سے ہٹ کرعملی اقدامات کرے گی تاکہ عوام سے کئے گئے حقیقی تبدیلی کے وعدے کو ایفاء کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت PK-73 دانش آبادپشاور میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ناظم حیات آباد سجاد علی شاہ بنگش،بلدیاتی نمائندوں اور عمائدین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاقے کے لوگوں نے وزیر خزانہ کو ان کو صحت ،تعلیم،پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی و ستھرائی کے نظام سے متعلق ان کو درپیش مختلف مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ لوگوں نے مطالبہ کیا کہ دانش آباد اور ملاکنڈھیر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے علیحدہ ٹیوب ویل نصب کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ نہر کے اطراف سے WSSP کو باقاعدگی سے صفائی کرنے اورمتعلقہ حکام کو نہر کے اوپر تعمیر شدہ فرش پر سبزہ اگانے کی ہدایت کی جائے کیونکہ علاقے کے لوگ اسی جگہ کو جناز گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔وزیر خزانہ نے اہل علاقہ کے مسائل غور سے سنے او ر بعض مسائل کے فوری حل کے لئے متعلقہ حکام کوموقع پر ہدایات جاری کیں۔انہوں نے WSSP کے حکام کو علاقے کی باقاعدہ صفائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ علاقے کے مسائل میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ان کے حل کویقینی بنانے کے لئے اچانک معائنہ بھی کریں گے اور کھلی کچہری کا انعقادبھی تسلسل سے کیا جائے گا۔اہل علاقہ نے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے اوران کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات