کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب کے رجسٹرار آفس میں آگ پیٹرول چھڑک کر لگائی گئی تھی‘پویس رپورٹ میں انکشاف

پولیس نے واقعے میں ملوث پنجاب کوآپریٹو بینک کے صدر محمد ایوب سمیت 5افراد گرفتار کرلیا ،سب رجسٹرار سیٹھ اقبال مفرور

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) پولیس رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب کے رجسٹرار آفس میں آگ پیٹرول چھڑک کر لگائی گئی تھی،پولیس نے واقعے میں ملوث پنجاب کوآپریٹو بینک کے صدر محمد ایوب سمیت 5افراد گرفتار کرلیا ہے جبکہ محکمہ کوآپریٹو کے سب رجسٹرار سیٹھ اقبال مفرور ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال اگست کے مہینے میں لاہور میں پنجاب کوآپریٹو سوسائٹیز کے رجسٹرار آفس میں آتشزدگی کا واقعہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں فرنیچر اور ریکارڈ جل گیا تھا۔

رجسٹرار آفس میں آگ لگنے کے واقعے پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دیا تھا۔اس حوالے سے پولیس کی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب کے رجسٹرار آفس میں آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فرانزک ایجنسی کو 270فنگر پرنٹ بھیجے گئے تھے جس میں سے آئی ٹی ماہر حافظ رضا کے فنگر پرنٹ نے معاملہ حل کیا۔

ذرائع فرانزک ایجنسی نے بتایا کہ فرانزک ایجنسی کوبھیجی گئی ویڈیو میں آگ لگتے وقت کی ویڈیوغائب تھی اور آگ لگنے سے پہلے کمپیوٹر سے ہارڈ ڈسک بھی غائب کی گئیں۔پولیس رپورٹ کے مطابق آگ پیٹرول چھڑک کرلگائی گئی جس پر مزید تفتیش جاری ہے تاہم پولیس نے واقعے میں ملوث پنجاب کوآپریٹو بینک کے صدر محمد ایوب سمیت 5افراد گرفتار کرلیا ہے جبکہ محکمہ کوآپریٹو کے سب رجسٹرار سیٹھ اقبال مفرور ہیں۔