سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو میں 18اضلاع کے مریض بڑی امید لیکر آتے ہیں، ہمیں انہیں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنی چاہیں،ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو

جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو نے کہا ہے کہ سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو میں حیدرآباد سمیت قرب و جوار کے 18اضلاع اور اندرون سندھ کے مختلف شہروںسے کئی امراض میں مبتلا مریض اپنے علاج معالجہ کے سلسلے میں بڑی امید لیکر آتے ہیں اس لئے ہمیں چاہیے ہم اُن کی امید پر پورا اترتے ہوئے انہیں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کریں ،وہ لمس جامشورو کے پروفیسرز اور کنسلٹنٹس کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، اجلاس میں ڈائریکٹرایڈمن و فنانس عبدالستار جتوئی ،اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر نعیم ضیاء میمن، پروفیسر محمد ایوب لغاری، پروفیسر محمد افضل جونیجو، سرجن فہیم میمن اور دیگر بھی شریک تھے ایم ایس ڈاکٹر عبدالوہاب ودھونے شرکاء اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کا علاج پوری توجہ کے ساتھ کریں اس سلسلے میں ادویات جدید مشینری کی فراہمی محکمہ صحت حکومت سند ھ کے تعاون سے ہم فراہم کریں گے جبکہ اسپتال کے تمام پروفیسرز ، کنسلٹنٹس ، ڈاکٹرز ، نرسنگ و پیرا میڈیکل اسٹاف کوبھی چاہیے کہ وہ مریضوں کے علاج معالجے میں پوری محنت لگن کے ساتھ کام کریں کیونکہ جہاں یہ ہماری ذمہ داری ہے وہاں ہمارے فرائض منصبی کے ساتھ ساتھ عبادت بھی ہے انہوں نے کہاکہ ہم شب و روز محنت کر کے اسپتال کو ایک مثالی اسپتال بنانے کے مشن پر گامزن ہیں اور اس میں کافی حد تک کامیابی ملی ہے جبکہ یہاں آنے والے مریضوں کو مکمل علاج و معالجہ، ادویات ، معیاری خوارک ،صفائی ستھرائی، ہسپتال میں نئی عمارتوں کی تعمیر اور پرانی عمارتوں کی تزئین و آرائش ، جدید مشینوں میں MRI،سٹی اسکین ، فزیو تھراپی مشینیں ، گردے و مثانے سے پیس کر پتھری نکانے والی لیتھو ٹریپسی جبکہ امراض اطفال ICUکے لئے بھی ہم کوشا ں ہیں اور اس مشن میں بہتر ی اُسی وقت ممکن ہے کے اسپتال میں تمام پروفیسرز ، کنسلٹینٹس اورڈاکٹرزمریضوںکے علاج کے سلسلے میں اپنی تمام تر صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کریں تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض اپنی بیماری سے مایوسی ہونے کے بجائے ہمارے اسپتال سے صحتیاب ہو کر جائیں بعد ازاں ایم ایس ڈاکٹر عبدالوہاب ودھونے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈ سٹریز کے سابق سینئر نائب صدر تراب علی خوجہ کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے ایک وفد کو اسپتال کے مختلف وارڈوں کا دورہ کرایا ، اس موقع پر سابق سینئر نائب صدر تراب علی خوجہ نے مریضوں کو ملنے والی علاج کی سہولیات پر ایم ایس سمیت اسپتال انتظامیہ کی تعریف کی اور کہاکہ اسپتال میں پہلے کی نسبت کافی تبدیلی آچکی ہے اور مخیر حضرات کو بھی چاہئے کہ وہ اسپتال انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ۔