اسفندیار ولی خان کی قندہار میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت

جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے قندہار واقعے کو امن کی کاوشوں پر حملہ قرار دیا ہے اور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان اور افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،باچا خان مرکز سے جاری اپنے بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ قیام امن کیلئے افغانستان اور پاکستان کے عوام نے بھاری قیمت ادا کی ہے،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے متاثرہ پارٹی عوامی نیشنل پارٹی سے زیادہ کون یہ محسوس کرسکتا ہے کہ قربانی کیا ہوتی ہے،انہوں نے دونوں ریاستوں پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن دونوں ریاستوں کیلئے لازم اور ملزوم ہے ،لہذا قیام امن کیلئے دونوں ملکوں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسفندیار ولی خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے قندہار واقعے کی مذمت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دراصل یہ وقت ہے کہ امتحان کی اس گھڑی میں دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب آنا چاہیے تاکہ ان میں موجود غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے اور دونوں ممالک قیام امن میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے تینوں شہداء کے بلن درجات اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔