میٹرو بسوں کا ممکنہ نیا کرایہ نامہ سامنے آگیا

مجوزہ طور پر میٹرو بس کا سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 18 سے 20 روپے مقرر کیا جاسکتا ہے

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:16

میٹرو بسوں کا ممکنہ نیا کرایہ نامہ سامنے آگیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2018ء) میٹرو بسوں کا ممکنہ نیا کرایہ نامہ سامنے آگیا، مجوزہ طور پر میٹرو بس کا سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 18 سے 20 روپے مقرر کیا جاسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب حکومت نے اعلان کیا تھا کہ پنجاب میں میٹرو بسوں کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ وزیرخزانہ پنجاب نے کہا تھا کہ ملتان اورراولپنڈی کی میٹرو پرسالانہ12ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

شاہدرہ سے گجومتہ چلنے والی میٹروبسوں کے کرائے اسٹاپ ٹو اسٹاپ مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ میٹرو بسوں کے کرائے ریشنلائزکرنے سے حکومتی سبسڈی میں بھی کمی آئے گی۔ جبکہ کرائے ریشنلائزکرنے سے عوام پربوجھ بھی نہیں پڑے گا۔ حکومت کے اس اعلان کے بعد اب میٹرو بسوں کا ممکنہ نیا کرایہ نامہ سامنے آگیا ہے۔

(جاری ہے)

مجوزہ طور پر میٹرو بس کا سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 18 سے 20 روپے مقرر کیا جاسکتا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق میٹرو بس کے سٹاپ ٹو سٹاپ کرائے طے کرنے کیلئے مشاورت جاری ہے۔ اس حوالے سے مکینزم تیل کی قیمتوں اور سبسڈی کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے گا۔ میٹرو بس سروس کے کرائے میں اضافے کے حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام ابھی تک کسی حتمی فیصلہ پر نہیں پہنچے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہونے کے بعد پنجاب حکومت کی منظوری سے اس کا کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔ حکومت کا موقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث میٹر بس سروس کے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ تاہم پھر بھی کوشش کی جائے گی کہ اضافہ اتنا ہو جو غریب عوام کیلئے بوجھ نہ بنے۔