سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی

پاکستان میں اشتہاری قرار دیے گئے لیگی رہنما گزشتہ روز برطانیہ کے ہوم ڈیپارٹمنٹ پیش ہوئے اور انٹرویو دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:37

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2018ء) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی، پاکستان میں اشتہاری قرار دیے گئے لیگی رہنما گزشتہ روز برطانیہ کے ہوم ڈیپارٹمنٹ پیش ہوئے اور انٹرویو دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اور اشتہاری ملزم اسحاق ڈار نے خود کو سزاوں سے بچانے کیلئے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اشتہاری قرار دیے گئے لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار گزشتہ روز برطانیہ کے ہوم ڈیپارٹمنٹ پیش ہوئے اور انٹرویو دیا۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانیہ کے ہوم ڈیپارٹمنٹ میں پیش ہو کر سیاسی پناہ سے متعلق باقاعدہ درخواست دی جس کے بعد ان کا انٹرویو لیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ تمام معاملہ اس وقت معلوم ہوا جب اسحاق ڈار کی برطانیہ کے ہوم ڈیمپارٹمنٹ میں موجودگی کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئیں۔

تاہم اس حوالے سے اسحاق ڈار کے خاندان کے اراکین کی جانب سے تاحال نہ تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید۔ یہ واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار گزشتہ کئی ماہ سے برطانیہ کے شہر لندن میں مقیم ہیں۔ اسحاق ڈار پانامہ کیس آنے کے بعد بیماری کا بہانہ کرکے برطانیہ چلے گئے تھے اور تب سے وہیں موجود ہیں۔ جبکہ پاکستان میں عدالتوں کی جانب سے انہیں کرپشن کیسز میں سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔

اسی باعث اسحاق ڈار کو اشتہاری بھی قرار دیا جا چکا ہے۔ اس حوالے سے یہ بھی اعلان کیا گیا تھا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے پاکستانی ادارے انٹرپول سے بھی رابطہ کریں گے۔ اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کروا کر پاکستان واپس لایا جائے گا۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔