وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے آذربائیجان کے سفیر کی ملاقات

سرکاری ٹیلی ویژن کے مابین باقاعدہ تعاون، پاکستان کو توانائی کے شعبہ میں 100 ملین ڈالر دینے، دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا پاکستان آذربائیجان کے ساتھ میڈیا، انفارمیشن اور سیاحت کے شعبوں میں ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان سیاحتی مقامات کی وجہ سے پوری دنیا میں خاص مقام رکھتا ہے، آذربائیجان کے سیاحوں کو پاکستان میں بلند ترین پہاڑی سلسلہ اور خوبصورت مناظر دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

جمعہ 19 اکتوبر 2018 22:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے آذربائیجان کے سفیر نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں سرکاری ٹیلی ویژن کے مابین باقاعدہ تعاون، پاکستان کو توانائی کے شعبہ میں 100 ملین ڈالر کریڈٹ پر دینے، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست پروازوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبہ میں کام کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان اپنے سیاحتی مقامات کی وجہ سے پوری دنیا میں خاص مقام رکھتا ہے، پاکستان کے شمالی علاقہ جات اپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے پوری دنیا کے سیاحوں کیلئے کشش رکھتے ہیں، آذربائیجان کے سیاحوں کو پاکستان میں بلند ترین پہاڑی سلسلہ اور خوبصورت مناظر دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جس نے آذربائیجان کی آزادی کو تسلیم کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں ممالک کے میڈیا وفود کے آپس میں تبادلوں سے تعلقات مزید مضبوط اور لوگوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کو توانائی کے شعبہ میں سو ملین ڈالر کریڈٹ دینے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔ ملاقات میں آذربائیجان اور پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مابین باقاعدہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔ سفیر نے کہا کہ آذربائیجان کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔ آذربائیجان کے سفیر نے وزیر اطلاعات کو باکو میں ہونے والی بین الاقوامی انسانی فورم کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔