چین اور خلیجی ممالک کے علاوہ ایک اور ملک پاکستان پر ڈالرز کی برسات کرنے کیلئے راضی ہوگیا

آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کو توانائی کے شعبہ کیلئے 100 ملین ڈالرز دیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اکتوبر 2018 22:56

چین اور خلیجی ممالک کے علاوہ ایک اور ملک پاکستان پر ڈالرز کی برسات کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2018ء) چین اور خلیجی ممالک کے علاوہ ایک اور ملک پاکستان پر ڈالرز کی برسات کرنے کیلئے راضی ہوگیا، آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کو توانائی کے شعبہ کیلئے 100 ملین ڈالرز دیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق آذربائیجان پاکستان کو مشکل اقتصادی حالات سے باہر نکالنے کیلئے میدان میں آگیا ہے۔

آذربائیجان نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے آذربائیجان کے سفیر نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں سرکاری ٹیلی ویژن کے مابین باقاعدہ تعاون، پاکستان کو توانائی کے شعبہ میں 100 ملین ڈالر کریڈٹ پر دینے، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست پروازوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبہ میں کام کرنے کا خواہاں ہے۔ پاکستان اپنے سیاحتی مقامات کی وجہ سے پوری دنیا میں خاص مقام رکھتا ہے۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات اپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے پوری دنیا کے سیاحوں کیلئے کشش رکھتے ہیں۔

آذربائیجان کے سیاحوں کو پاکستان میں بلند ترین پہاڑی سلسلہ اور خوبصورت مناظر دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جس نے آذربائیجان کی آزادی کو تسلیم کیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کو توانائی کے شعبہ میں سو ملین ڈالر کریڈٹ دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں میں تعاون پر بھی زور دیا۔