پٹرول کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا

آئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے اتوار سے ملک بھر میں تیل کی سپلائی روکنے کا اعلان کردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 19 اکتوبر 2018 23:49

پٹرول کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19اکتوبر 2018ء) آئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے اتوار سے ملک بھر میں تیل کی سپلائی روکنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پٹرول کا بحران پیدا ہونے والا ہے اور اسکی وجہ آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی دھمکی ہے۔آئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے اتوار سے ملک بھر میں تیل کی سپلائی روکنے کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آئل ٹینکر مالکان کی تنظم کے رہنما شمس شاہوانی کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کے سامنے باربار اپنے مطالبات رکھےہیں تاہم حکومت نے اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

انہوں نے بتایا کہ پرانے ماڈل کے آئل ٹینکرز پر پابندی ہمارے معاشی قتل کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ 2010 ماڈل کی گاڑیوں کی شرط سے آئل ٹینکرز مالکان اور کارکنوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوجائیں گے اور بڑے درجے پر بے چینی پھیلے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہمارے تحفظات کے باوجود حکومت کی جانب سے پنجاب میں 600، کے پی کے میں 300، بلوچستان 200 اور کراچی میں 700 ٹینکرز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مذکورہ تنظیم کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس حوالے سے ہمیں یقین دہانی کروائی تھی کہ ان کے مسائل 10 دن میں حل کردیں گے لیکن اس کے باوجود ہمارے مسائل حل نہیں کئیے گئے۔۔انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے اس ہٹ دھرمی کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ اتور سے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کی جارہی ہے۔اس ہڑتال کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند کردی جائے گی اور اس دوران جیٹ فیول سپلائی بھی معطل رہے گی۔