برطانیہ کا جزیرہ ڈریک برائے فروخت

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 11:30

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) برطانیہ کے شہر پلے ماوتھ کے کھلے سمندر میں واقع تاریخی جزیرے ڈریک کو 6 ملین پائونڈ سٹرلنگ( تقریباً7.8 ملین ڈالر) میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔بی بی سی ٹرکش کی خبر کے مطابق 6 ہزار مربع میٹر اراضی پر مشتمل اس جزیرے پر 16 ویں صدی میں فرانس اور سپین کے قبضے کے خلاف برطانیہ کے تحفظ کے لیے تعمیر کیا گیا ایک قلعہ ، ایک فوجی بیرک، سرنگیں اور جیٹی واقع ہے۔

پلے ماوتھ سے 600 میٹر فاصلے پر کھلے سمندر میں واقع اس جزیرے کو ایک لگژری ہوٹل اور سپا کی تعمیر کا اجازت نامہ حاصل ہے۔ڈریک جزیرے کے مالک ڈین مکولی کے بیٹے ایڈن مکولی نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والد جزیرے کو دوبارہ سے استعمال کے لیے کھولنے کے خواہش مند تھے اور اب ہم ان کی اس خواہش کو حقیقت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

1577ء کو دنیا کے اطراف میں گھومنے کے لیے یہاں سے سفر کا آغاز کرنے والے برطانوی ایڈمرل فرانسس ڈریک کے نام پر جزیرے کو ڈریک کا نام دیا گیا۔

ماضی میں اسے جیل کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا رہا، 1999ء میں کاروباری شخصیت اور پلے ماوتھ آرگلے فٹبال کلب کے سابق سربراہ مکاولی نے خرید لیا۔پلے ماوتھ بلدیہ نے گذشتہ سال جزیرے کی تاریخی عمارتوں کو سیاحتی عمارتوں میں تبدیل کرنے کی اجازت دی تھی۔