باغبانوں کواچھی پیداوار کے لے کھادوں کے مناسب استعمال کی ہدایت

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 12:10

قصور۔20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) محکمہ زراعت کے ماہرین نے ترشادہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے باغات میں کھادوں کے مناسب اور متناسب استعمال کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترشادہ پھلوں کی اچھی پیداوارکیلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے‘غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشادہ پھلوں کی صحت ‘ نشوونما ‘پیداواراور معیار پر بُرے اثرات مرتب کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پودے کو جن غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان میں نائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشوونما میں بھرپور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھادکا استعمال ترشادہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پھول اور پھل کے بننے‘ پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کیلئے نائٹروجنی کھادکا بروقت استعمال ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرناپڑسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی راہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔