فجیرہ میں ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہونے لگی

پولیس کی جانب سے مؤثر آگاہی مہم کو وجہ قرار دیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 اکتوبر 2018 13:25

فجیرہ میں ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہونے لگی
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر2018ء) فجیرہ پولیس کے اعلیٰ عہدے دار نے بتایا ہے کہ ریاست میں رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ اس حوالے سے پولیس کی جانب سے گزشتہ سالوں میں رُونما ہونے والے ٹریفک حادثات کے بارے میں ایک جامع سٹڈی کی گئی اور مختلف سروے بھی کیے گئے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ رواں سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران پچھلے سال میں رُونما ہونے والے ٹریفک حادثات میں 31فیصد کی واضح کمی آئی ہے۔

فجیرہ پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد احمد بن غنیم الکعبی کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران اب تک پانچ افراد ٹریفک حادثات کے نتیجے میں موت کا شکار بن چکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال کے اسی دورانیے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سات تھی۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کی مؤثر حکمت عملی کے باعث فجیرہ کے روڈز یہاں مقیم افراد کے لیے خاصی حد تک محفوظ ہو چکے ہیں۔

اور انہیں مزید محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ٹریفک عملے کی گنتی میں اضافہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے۔ عوام کو سوشل میڈیا کے ذریعے ٹریفک قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے کی جانب راغب کیا جا رہا ہے تاکہ ڈرائیورز حضرات کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے اور سڑک پار کرنے والے راہگیروں کی زندگیاں بھی خطرے سے دوچار نہ ہوں۔

پولیس ڈیپارٹمنٹ عوام کا شکریہ ادا کرتا ہے جن کے بھرپور تعاون اور ٹریفک ضوابط کی پابندی کے باعث فجیرہ تیزی سے ٹریفک حادثات سے پاک ریاست بننے کی جانب بڑھ رہی ہے۔پولیس کی جانب سے عوام میں ٹریفک رولز کے حوالے سے مختلف بروشرز بھی بانٹے جا رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ فجیرہ امارات کی دیگر ریاستوں کے لیے ایک مثال بنے۔ اس سلسلے میں ہمیں عوام کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔