Live Updates

عباس ٹیسٹ کرکٹ میں گزشتہ131سال کے بہترین باﺅلر

20 ویں صدی میں بھی کم از کم 50 وکٹیں لینے والے باﺅلرز میں بہترین اوسط کے حامل گیند باز بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 اکتوبر 2018 13:52

عباس ٹیسٹ کرکٹ میں گزشتہ131سال کے بہترین باﺅلر
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20اکتوبر2018ء) نوجوان فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کردی اور وہ گزشتہ سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین اوسط کے حامل باﺅلر بن گئے ہیں۔آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں محمد عباس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کیں بلکہ سیریز میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کیںتاہم اس سب سے بڑھ کر محمد عباس نے اپنی شاندار باﺅلنگ اوسط کی بدولت دنیا بھر کے بڑے بڑے باﺅلر کو پیچھے چھوڑ دیا اور وہ موجودہ صدی کے ساتھ ساتھ 20 ویں صدی میں بھی کم از کم 50 وکٹیں لینے والے باﺅلرز میں بہترین اوسط کے حامل گیند باز بن گئے ہیں۔

اس وقت عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں 15.64 کی اوسط سے 59 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ مجموعی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں بہترین اوسط کے حامل کھلاڑیوں میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس فہرست میں پہلے نمبر پر موجود جارج لوہمین نے 1886ءسے1896 ءکے دوران انگلینڈ کےلئے18ٹیسٹ میچزمیں 10.75کی اوسط سے112وکٹیں حاصل کیں، دوسرے نمبر پر براجمان جیمز فیرس نے1887ءسے1892ءکے دوران آسٹریلیااور انگلینڈ کےلئے 9ٹیسٹ میچز میں12.70کی اوسط سے61وکٹیں حاصل کیں جب کہ فہرست میں تیسرے نمبر پر قابض ولیم بارنز نے انگلینڈ کےلئے 1880ءسے1890ءکے دوران 21ٹیسٹ میچز میں15.54کی اوسط سے 51کھلاڑیوں سے پوویلین واپس بھیجا ۔

اس فہرست میں چوتھے نمبر پر عباس ہیں جبکہ پانچویں نمبر پر موجود بلی بیٹس نے بھی1881ءسے1887ءکے دوران 16.42 کی اوسط کےساتھ 50وکٹیں لی تھیں، چھٹے نمبر پر موجود عظیم انگلش فاسٹ باﺅلر سڈنی بارنس نے 20ویں صدی میں کرکٹ کھیلی اور ان کی اوسط 16.43 ہے۔21ویں صدی میں کھیلنے والے فاسٹ باﺅلرز میں عباس کے بعد سب سے بہترین باﺅلنگ اوسط جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر کی ہے جو 55 ٹیسٹ میچوں میں 21.54 کی اوسط سے 205 وکٹیں لے چکے ہیں۔

عباس نے آسٹریلیا کےخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں لیں اور اس طرح وہ آسٹریلیا کےخلاف ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں لینے والے پانچویں ملکی فاسٹ باﺅلر بن گئے۔سب سے پہلے فضل محمود نے یہ کارنامہ انجام دیا جس کے بعد عمران خان، سرفراز نواز اور پھر 1990ءمیں وسیم اکرم نے بھی میچ میں 10 وکٹیں لی تھیں۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات