اقوام متحدہ، پاکستان کا فلسطینیوں کی مکمل حمایت کا اعادہ،تنازعہ فلسطین کے فوری حل پر زور

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 14:00

اقوام متحدہ ۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان نے اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تنازعہ اور سانحہ فلسطین کو حل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔تشدد کے باعث مشرق وسطیٰ کے کئی حصے سانحے سے دوچار ہیں اس لیے اس تنازعے کو فوری طور پرسفارتی کوششوں سے حل کیا جائے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ فلسطینیوں کو درپیش مصائب اور مشکلات کے خاتمے کی بین الاقومی کوششوں میں تعطل اور خامیاں ہیں جس کی وجہ سے غصے اور ناانصافی کا احساس بڑھا ہے اور مشرق وسطیٰ کے پورے خطے میں عدم تحفظ اور عدم استحکام میں اضافہ ہورہا ہے ۔

مشرق وسطی کی صورتحال پر ہونے والی بحث میں پاکستانی سفارتی نمائندہ ملیحہ لودھی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے عین سامنے دوریاستی حل کے بنیادی اصولوں کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں جبکہ خود سلامتی کونسل کی اپنی قرارداد میں مقبوضہ بیت المقدس کو جوحیثیت دی گئی اور اسرائیل کی جس آباد کاری کو غیر قانو نی قرار دیا گیا اس کی بھی خلاف ورزیاں کھلم کھلا جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خان الاحمر نامی علاقے میں بدوئوں کی کمیونٹی کو مسمار کرنے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس سے بھی اسرائیل کی فلسطینیوں کو ان کی اپنی سرزمین سے جبری طور پر بے دخل کرنے کی پالیسی ظاہرہوتی ہے ۔ پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے 15رکنی سلامتی کونسل سے اپنے خطاب میں فلسطینی کاز کی بھر پور حمایت کے عزم کااعادہ کیا۔