Live Updates

ملک میں تبدیلی لانے کی دعویدار حکومت تباہی کے درپے ہے‘ (ن) لیگ تاجر ونگ

حکومتی پالیسیوں کیوجہ سے پھیلی بے یقینی کے تمام شعبوں پرمنفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ‘ چوہدری عامر صدیق، میاں عثمان

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) تاجر ونگ نے ایک ماہ کے دوران گیس کی قیمتوں میں دوسری بار 462فیصد تک اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی لانے کے دعویدار تباہی کے درپے ہیں ،حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں بے یقینی کی فضاء ہے جس کے تمام شعبوں پرمنفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) لاہور تاجر ونگ کے عہدیداروں چوہدری عامر صدیق اور میاں عثمان نے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر اپنے رد عمل میں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات سے قبل سونامی کا بڑا چرچہ تھا لیکن قوم پر اب حقیقت کھلی ہے کہ اس نے حکومت میں آنے کے بعد تباہی کا سونامی لانا تھا۔حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں بھی تقریباً پونے چار روپے فی یونٹ اضافے کا مجوزہ فیصلہ مکمل طور پر واپس نہیں لیا گیا اور اس کی کسی وقت بھی 2016سے وصولی شروع کی جاسکتی ہے جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے ۔حکومت فی الفور قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور انہیںدو ماہ قبل کی سطح پر واپس لایا جائے بصورت دیگر اس کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات