50 روز میں ریل کی کمائی میں1 ارب کا اضافہ ہوا،شیخ رشید

ایک مہینے میں100کوچز ٹریک پرلائیں گے، ایک ہفتے میں3ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کی،ریلوے ڈرائیورز کو جی پی ایس گھڑیاں گفٹ کرنے کا اعلان، پچھلی حکومت نے تزئین وآرائش پر اربوں روپے خرچ کیے۔ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اکتوبر 2018 14:41

50 روز میں ریل کی کمائی میں1 ارب کا اضافہ ہوا،شیخ رشید
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر 2018ء) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلے 50 روز میں ریلوے کی کمائی میں ایک ارب کا اضافہ ہوا ہے، ایک مہینے کے اندر 100کوچز ٹریک پر لے آئیں گے، ایک ہفتے میں 3 ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کردی، روہڑی میں لوگ انٹرنیٹ استعمال کرنے اسٹیشن پر پہنچ گئے، پچھلی حکومت نے تزئین وآرائش پر اربوں روپے خرچ کیے۔

انہوں نے آج لاہور میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فریٹ ٹرینز کو مزید فعال کرنے کیلئے ٹاسک فورس بنادی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن میں کیٹرنگ سروسز کو بحال کررہے ہیں۔ایک ہفتے میں 3ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کردی ہے۔کراچی سکھر ، لاہور میں بھی وائی فائی سہولت دے رہے ہیں۔سکھر اور روہڑی میں وائی فائی کی سہولت فراہم کی تولوگ انٹرنیٹ استعمال کرنے اسٹیشن پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خوشحال خٹک کا مسئلہ اللہ کی طرف سے ہوا ہے۔1700کلومیٹر ٹریک میں جتنے بھی ادارے بنائے گئے ہیں ان کو اہم نے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ٹریک کے قریب تمام سکول بند ہوجائیں گے۔والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کو ریلوے ٹریک کے قریب کھیلنے سے منع کریں ورنہ والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے اسلام آباد کیلئے ریل کار صبح 8بجے کی بجائے 10بجے چلا کرے گی۔

پہلے 50روز میں ریلوے کی کمائی میں ایک ارب کا اضافہ ہوا ہے۔کوچز کی فراہمی ریلوے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ایک مہینے کے اندر 100کوچز ٹریک پر لے آئیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ کراچی تاحیدرآباد بھی ٹرین کی اسی ہفتے کے آخر تک ابتدا ء ہوجائے گی۔سکھر ایکسپریس کو لوگوں کے مطالبے پر جیکب آباد تک لیکر جارہے ہیں۔ ان علاقوں میں سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریل کے تمام پروگرام بچت کے پروگرام کے تحت بنائے ہیں۔جس طرح ڈالر اوپر جارہا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہم بچت پروگرام میں بھی تیزی لائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ افراد کو ایک نہ ایک دن سزا ضرور ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جی پی ایس سسٹم کو ہم ہر ٹریک پر استعمال کریں گے۔جی پی ایس گھڑیاں بھی آگئی ہیں میں تمام ڈرائیورز کو جی پی ایس گھڑیاں گفٹ کرنے کا اعلان کرتاہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پچھلی حکومت نے 22 کروڑ روپے کے انجن 44،44 کروڑ میں خریدے۔ریلوے کی تزئین وآرائش پر اربوں روپے ضائع کیے گئے۔صرف احسن اقبال کے ریلوے اسٹیشن پر 40 کروڑ سے زائد خرچ کیے گئے۔ہمیں جہیز میں چوروں اور ڈاکوؤں کا لوٹا ہوا مال ملا ہے۔ نوازشریف سے بڑا چور شہبازشریف ہے۔مجھے اب احساس ہورہا ہے کہ نوازشریف کم چور تھے۔