Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب درست سمت میں مثبت اقدام ہے ، اس دورہ سے ہمارے قومی مفادات اور اقتصادی شعبہ جات کو بھرپور فائدہ ہو گا

حکومت کے اقتصادی و توانائی امور کے ترجمان ڈاکٹر فرخ سلیم کی نجی چینل سے گفتگو

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 15:00

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب درست سمت میں مثبت اقدام ہے ، اس ..
اسلام آباد ۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) حکومت کے اقتصادی و توانائی امور کے ترجمان ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب درست سمت میں مثبت اقدام ہے جس سے ہماری قومی مفادات اور اقتصادی شعبہ جات کو بھرپور فائدہ ہو گا۔ ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر 23 اکتوبر کو ریاض جائیں گے، جہاں وہ مستقبل کی سرمایہ کاری کے اقدام سے متعلق 3 روزہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف جانے سے بہتر ہے کہ دوست ممالک کی معاونت حاصل کرنے کے آپشن کو اختیار کیا جائے۔ ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران میں پاکستان کو مخلص اور سچے دوستوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال بالخصوص غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی کی صورتحال میں فوری مالی معاونت درکار ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب انتہائی مفید اور ملک کے بہترین مفاد میں ہو گا اور کسی کو اس پر تنقید نہیں کرنی چاہیے کیونکہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، یہ تعلقات باہمی احترام اور برابری کی سطح پر ہونے چاہیئں۔ ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعلقات کی نئی راہیں کھولنے کے لئے کوشاں ہیں، اقتصادی تعاون میں اضافہ اور پاکستان میں سعودی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے ان مواقعوں میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی ایم ایف جانے سے گریز کرنے کے لئے اپنی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اس کی بجائے سعودی عرب، چین اور دیگر خلیجی ممالک کی جانب جا رہی ہے تاکہ اس کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہو سکیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ میں ایک خصوصی مقام رکھتا ہے اور یہ ایک مسرت کی بات ہے کہ سعودی عرب موجودہ حکومت کے اس دور میں اپنے تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات