نوازشریف کلثوم نوازکےچہلم کے بعد جارحانہ سیاست نہیں کریں گے

امکان ہے نوازشریف حکومت کو مزید تین مہینے دیں تاکہ وہ غلطیاں کریں، میاں نوازشریف بیان بازی اور حکومت کیخلاف بھرپور جارحانہ اندازِسیاست اختیار کرنے کیلئے وقت کا انتظار کریں گے،چہلم تک بیان بازی نہ کرناشریف فیملی کی اقدار کا عکاس ہے۔سینئر صحافی کاشف عباسی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اکتوبر 2018 15:24

نوازشریف کلثوم نوازکےچہلم کے بعد جارحانہ سیاست نہیں کریں گے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر 2018ء) سینئر صحافی کاشف عباسی کا کہنا ہے کہ نوازشریف چہلم کے بعدجارحانہ سیاست نہیں کریں گے، امکان ہے نوازشریف حکومت کو مزید تین مہینے دیں گے تاکہ وہ غلطیاں کریں ، میاں نوازشریف بیان اور حکومت کیخلاف بھرپور جارحانہ انداز اختیار کرنے کیلئے وقت کا انتظار کریں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی کا مرحومہ بیگم کلثوم نوازکے چہلم تک خاموشی اختیار کیے رکھنا ان کی خاندانی اقدار ہیں۔

ہمیں اس پر حیران نہیں ہونا چاہیے کہ کیوں وہ خاموش ہیں یا چہلم تک کیوں انتظار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے نوازشریف چہلم کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے جارحانہ اندارسیاست اپنائے یا پھر حکومت کو مزید تین مہینے اور بھی دیے جاسکتے ہیں تاکہ حکومت کو موقع دیا جائے کہ وہ مزید غلطیاں کرے۔

(جاری ہے)

سیاست میں ٹائمنگ کی بڑی اہمیت ہوتی ہے۔ سیاست میں پہلے گولی چلا دینا فائر مس کردینے کے مترادف ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں مسلم لیگ ن حکومت کو کوئی فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں دے گی ۔مجھے نہیں لگتا کہ جیسے جی ٹی روڈ کا مارچ ہوا یا پھر نوازشریف یا مریم نوازتقریریں کرتے رہے ویسا کچھ ہوگا۔میرے خیال میں ہلکی پھلکی بیان بازی جاری رہے گی اور وقت کا انتظار کیا جائے گا۔دوسری جانب بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف اپنی اہلیہ مرحومہ بیگم کلثوم نوازکے رسم چہلم کے بعد بھرپور انداز میں سیاسی سرگرمیاں شروع کردیں گے اور حکومت کو ٹف ٹائم کیلئے ہر حربہ استعمال کریں گے۔

تاہم ابھی نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازبیگم کلثوم نوازکے چہلم تک کوئی بیان بازی یا سیاست نہیں کررہے ہیں۔مسلم لیگ ن کی مخالف حکمران جماعت اور ان کے حامیوں کا خیال ہے کہ نوازشریف اور مریم نوازکی جیل سے رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ ہے ۔اسی لیے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازنے تاحال کوئی سخت بیان جاری نہیں کیا جس طرح کی وہ بیان بازی جیل جانے سے قبل کیا کرتے تھے۔سینئر صحافی حامد میر نے اپنے ایک پروگرام میں بتایا تھا کہ نوازشریف چہلم کے بعد جارحانہ انداز سیاست اپنائیں گے جس سے حکومت کوشدید مشکل پیش آئے گی۔