وزیر محنت انصر مجید خان کی پاکستانی دستکاروں کے فنون کی نمائش ’’میڈ ان پاکستان ‘‘ میں شرکت

نمائش میں 150 سے زائد دستکاروں کی ہینڈ میڈ اشیاء کے 100 سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں ادارہ آہن آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر کے 30 ہزار سے زائد مرد اور خواتین کو خدمات فراہم کرچکا ہے

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل انصر مجید خان نے کہاہے کہ پاکستانی کاریگر اور ہند مند مرد و خواتین اپنی قومی تہذیب اور ثقافت کو دستکاریوں کے ذریعے دنیا بھر میں متعارف کروارہے ہیں ،ایسے افراد کو روزگار کی فراہمی اور آمدن کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب بھر پور اقدامات کررہی ہے ۔

انہو ںنے یہ بات پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ذیلی ادارے ’’ آہن ‘‘ کے زیراہتمام’’ میڈ ان پاکستان‘‘ نمائش میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

(جاری ہے)

منیجر ایڈمنسٹریشن آہن اسد سلطان نے وزیر محنت کو نمائش میں رکھی جانے والی دستکاریوں کے بارے میں بریفنگ دی-وزیر محنت انصر مجید خان مختلف سٹالز پر گئے اور وہاں رکھی گئی منفرد اور بے مثال دستکاریوں کی خوبصورتی اور پاکستان بھر سے آئے دستکاروں کی صلاحیتوں کو سراہا- نمائش میں پاکستان کے مختلف شہروں سے آئی150 سے زائد ہنرمندکاریگروں اور دستکاروںکی بنائی ہوئی اشیا ء رکھی گئی ہیں- وزیر محنت انصر مجید خان نے غربت کے خاتمے، روزگاراور آمدن کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ’’آہن ‘‘کی کوششوںکو سراہا او رکہاکہ ایسی نمائشیں نہ صرف دستکاروں اور ہنر مند افراد کے فن کو فروغ دینے اور پذیرائی کا موقع فراہم کرتی ہیں بلکہ ایسی دستکاریوں سے پاکستان کی قدیم تہذیب اور شاندار ثقافت کی بھی عکاسی ہوتی ہی- انہو ںنے کہاکہ نمائش میں لوگوں کی جانب سے پاکستان کے ہنرمندخواتین اور مرد دستکاروںکے ہنر کو خوب پذیرائی ملی ہے - مینجر ایڈمنسٹریشن آہن اسد سلطان نے بتایاکہ آہن ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو دستکاریوں کو فروغ دینے کے حوالے سے ہنر مندوں کوتربیت اور مارکیٹنگ کی خدمات بھی فراہم کررہاہے - انہو ںنے بتایاکہ نمائش میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے والی اشیاء کے 100 سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں اور ایسے پروگراموں کا مقصد دور دراز اور پسماندوں علاقوں کے کاریگروں اور دستکاروں کو چھوٹے پیمانے پر کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے ذریعے آمدن میں اضافے کے ذرائع فراہ کرنا ہے - ادارہ کی طرف سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے تمام صوبوں کے 30 ہزار سے زائد مرد و خواتین ہنر مند کاریگروں کو مختلف فنون میں تربیت فراہم کی جاچکی ہے ۔