تاجروں کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کیلئے اسلام آباد میں نیا قانون کرایہ داری نافذ کیا جائے ،احمد حسن مغل

سی ڈی اے سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے، شیزاد شبیر عباسی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اسلام آباد کے ایک وفد کاسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ ، چیمبر کے عہدیداران کو اپنی مارکیٹ کے مسائل سے آگاہ کیا

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، ایف سکس، سپر مارکیٹ اسلام آباد کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شبیر عباسی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے عہدیداران کو اپنی مارکیٹ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد حسین اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مقامی تاجروں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو وہ پہلے 100دنوں میں اسلام آبادمیں کرایہ داری کا نیا قانون پاس کرانے کی کوشش کریں گے لہذا انہوںنے وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی یقین دہانی کی پاسداری کیلئے کوششیں تیز کریں کیونکہ قانون کرایہ داری نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد میں تاجروں کی جبری بے دخلیوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس سے تاجر بردری پریشانی کاشکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ اسلام آباد کا چہرہ ہے لہذا سی ڈی اے اس کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ وفاقی دارالخلافہ کے پوش علاقے میں واقع ہے جس وجہ سے غیر ملکی سفراء اور غیر ملکی وزیٹرز سمیت دیگر اہم شخصیات خریداری کیلئے اکثر مارکیٹ کا دورہ کرتی ہیں۔ لہذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے سپر مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ کی فراہمی یقینی بنائے، کار پارکنگ کو مزید وسعت دے اور پارکنگ کی بہتر کارپیٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سٹریٹ لائٹس کو فوری بحال کرے ۔انہوںنے ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر سپر مارکیٹ کے تمام اہم مسائل حل کرانے کی کوششوں میں ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ تاجر برادری کے اکثر مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں اور چیمبر جلد کی چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ اہم مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی اور جنرل سیکرٹری محمد حسین نے اپنی مارکیٹ کو درپیش چیدہ چیدہ مسائل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری نہ ہونے کی وجہ سے تاجربرادری عدم تحفظ کا شکار ہے لہذا چیمبر اس مسئلے کو حل کرانے میں تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ میں عرصہ دراز سے فلٹریشن پلانٹ مہیا نہیں کیا گیا جس سے علاقے کی تاجر برادری اور رہائشی صاف پینے کے پانی کی سہولت سے محروم ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے اس مسئلے کو فوری حل کرے ۔

انہوںنے کہا کہ مارکیٹ میں موجودہ کار پارکنگ ناکافی ثابت ہو رہی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے اس کو نئے سرے سے ڈیزائن کرکے پارکنگ کو مزید وسعت دے اور اس کی دوبارہ کارپیٹنگ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی اہم ترین مارکیٹ ہونے کی حیثیت سے سپر مارکیٹ میں تمام سٹریٹ لائٹس کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ چوری چکاری اور دیگر وارداتوں کا تدارک کیا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے کی کوششوں میں سپر مارکیٹ کی ایسوسی ایشن چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، خالد جاوید، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، خالد چوہدری، شیخ عبدالوحید، نثار مرزا اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔