پاکستان کا ایٹمی اسلحہ کے حوالہ سے تمام ممالک کے تحفظات دور کرنے کی ضرورت پر زور

جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب فرخ عامل کا جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی سے خطاب

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:00

نیویارک ۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان نے اقوام متحدہ میں ایٹمی اسلحہ کے حوالہ سے تمام ممالک کے تحفظات دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ بین الاقومی سکیورٹی اور دنیا کو ایٹمی اسلحہ سے پاک کرنے والی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب فرخ عامل نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا بھر کو ایٹمی اسلحہ سے غیر مسلح کرنے کے عمل کو فروغ دینے کے لئے قواعد پر مبنی ایسامساوی اور بلاامتیاز نظام وضع کیا جائے جو تمام ممالک کے تحفظات دور کرے اور اس بین الاقوامی نظام سے روایتی ہتھیاروں کے ذخائر مناسب اور محدود ہونے چاہیئیں اور دوہرے معیار ختم کرکے اسلحہ کے عدم پھیلائو کو مضبوط بنایا جانا چاہیئے ۔

اور یہ نظام ایٹمی ہتھیار نہ رکھنے والے ممالک کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔

(جاری ہے)

ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے سفیر فرخ عامل نے کہا کہ سیاسی مصلحتوں اور اقتصادی مفادات کی خاطر اسلحہ کے عدم پھیلائوکی اقدار کے اطلاق میں دوہرے معیارات سے جنوبی ایشیائی خطہ اور اس کے علاوہ دیگر خطوں کی سٹریٹٰجیک سلامتی خطرے میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ بین الاقومی اور علاقائی سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال میں اب دنیا کو ایٹمی اسلحہ سے پاک کرنا محض سراب دکھائی د یتا ہے ۔

اور اس ضمن میں بہت کم پیش رفت کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایٹمی اسلحہ رکھنے والے ممالک نے ایٹمی اسلحہ کے عدم پھیلائو کے اقدامات اٹھانے کے سلسلہ میں اپنی متعلقہ زمہ داریاں پوری نہیں کیں ۔ پاکستانی نمائندے نے اپنے خطاب میں اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ دنیا کو عدم استحکام سے بچانے کے لئے تمام ممالک کے ساتھ یکساں سلوک پر مبنی پالیسی اپنائی جائے اور اس پرمساوی ، جامع اورسرگرم انداز میں عمل درآمد کیا جائے ۔