لاہور،آصف ہاشمی کے حوالے سے گمشدہ فائل کے مقدمے کی سماعت 3نومبر تک ملتوی

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) ایف آئی اے کورٹ نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے حوالے سے گمشدہ فائل کے مقدمے کی سماعت 3نومبر تک ملتوی کر دی ۔ سپیشل جج سینٹرل محمد رفیق نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ آصف ہاشمی نے بطور چیئرمین بورڈ انویسٹمنٹ کے متعلقہ فائل گم کر دی تھی،اسسٹنٹ انوسٹمنٹ منیجر فیضان شمس کی ملی بھگت سے فائل کو گم کروایا گیا، فائل ڈی ایچ اے لاہور اور اسلام آباد کے پلاٹوں کے خریدنے اور تبادلے سے متعلق تھی۔

وکیل آصف ہاشمی نے بتایا کہ آصف ہاشمی کو متعلقہ فائل کے متعلق کسی قسم کا کوئی علم نہیں۔ملزم فیضان شمس کے بیان پر آصف ہاشمی کو مقدمے میں ملوث کیا گیا۔لاہور: عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے اصل چالان جمع نہ کروایا گیا۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو کیس کے متعلق مکمل چالان عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔