خاشقجی کیس کی فوری اور منصفانہ تحقیقات چاہتے ہیں، امریکہ

فوری اور منصفانہ تحقیقات کیلئے ترکی اور سعودی عرب کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے ،وائٹ ہائوس

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2018ء) امریکی نے ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں لاپتا ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے کیس کے حوالے سے جاری تفتیش کے بارے میں کہا ہے کہ امریکا خاشقجی کیس کی فوری اور منصفانہ تحقیقات چاہتا ہے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے خاشقجی کیس کی ابتدائی رپورٹ جاری کیے جانے کے بعد وائٹ ہائوس کی طرف سے بھی رد عمل سامنے آیا ہے جس میں سعودی عرب کی تحقیقات کو مثبت قراردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وائٹ ہائوس کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میںکہا گیا ہے کہ امریکا خاشقجی کے کیس کی شفاف، منصفانہ اور فوری تحقیقات چاہتا ہے اور اس حوالے سے ترکی اور سعودی عرب کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔امریکا نے صحافی جمال خاشقجی کے سعودی قونصل خانے میں مارے جانے پر گہرے دکھ کا بھی اظہار کیا اور مقتول کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کی ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب کے پراسیکیوٹر جنرل نے اعلان کیا ہے کہ جمال خاشقجی کو سعودی عرب کے قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد لڑائی جھگڑے کے دوران ماردیا گیا ہے۔ سعودی عرب جمال خاشقجی کی موت کے ذمہ دار 18 افراد سے تفیش کر رہا ہے۔ یہ تمام افراد سعودی شہری ہیں اور انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔