نہال ہاشمی کا پاک فوج سے متعلق منتازع بیان ‘ پیمرا کا نوٹس

ایک ایسے شخص کو جگہ کیوں دی گئی جو ماضی میں متنازع بیانات دیتے رہے ‘کیوں نہ ایسے چینلز کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ یا معطلی کی سز ا دی جائے‘اعلامیہ

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے فوج کے حوالے سے متنازع بیان کو نشر کرنے والے نیوز چینلز کو قواعد کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا ہے ۔پیمرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شوکاز نوٹس میں نہال ہاشمی کے ریاستی اداروں کیخلاف متنازع اور قابل اعتراض بیان نشر کرنے والے نیوز چینلز کو کہا گیا کہ ایک ایسے شخص کو جگہ کیوں دی گئی جو ماضی میں متنازع بیانات دیتے رہے ہیں،کیوں نہ ایسے چینلز کیخلاف کارروائی کی جائے جس کا نتیجہ جرمانہ یا چینلز کی معطلی بھی ہوسکتا ہے۔

قبل ازیں عدلیہ کیخلاف متنازع بیان پر قید کی سزا کاٹنے اور نااہلی کا سامنا کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر سید نہال ہاشمی نے ملکی ترقی میں سیاست دانوں کے کردار کا دفاع کرتے ہوئے مسلح افواج پر تنقید کی تھی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق نہال ہاشمی نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عائد کیا کہ مسلح افواج نے ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے کچھ نہیں کیا اور دفاع کی خاطر حاصل کیا گیا اسلحہ ’’محض شو پیس‘‘ ہے۔

ان کا بیان میڈیا میں نشر ہوتے ہی مسلم لیگ (ن) نے سابق سینیٹر کی جانب سے فوج کے حوالے سے دیے گئے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کے بیان سے پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں اور یہ ان کے ذاتی خیالات ہیں،نہال ہاشمی کو مسلم لیگ (ن) سے خارج کردیا گیا تھا اس لیے پارٹی ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتی۔ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کیخلاف بیان کے بعد انہیں سینیٹر کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کے پارٹی احکامات کے انکار پر انہیں خارج کیا گیا تھا۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ریاستی اداروں سے ہر کوئی اختلاف کرسکتا ہے لیکن احتجاج ریکارڈ کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔