فیصل آباد، بجلی چوری کے خلاف تشکیل کردہ ضلعی انفورسمنٹ کمیٹی نے کام شروع کردیا

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2018ء) حکومت پنجاب کی طرف سے بجلی چوری کے خلاف تشکیل کردہ ضلعی انفورسمنٹ کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے ۔اس سلسلے میں مربوط حکمت عملی کی تیاری کے لئے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر/کنوینئر سید احمد فواد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،فیسکو اور پولیس کے نمائندہ آفیسرز بھی موجودتھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بجلی چوروں کے خلاف نتیجہ خیر کارروائی کی ہدایات جاری کی ہیں لہذا بجلی چوری میں ملوث بڑے مگرمچھوں کا سراغ لگا کرانہیں قانون کی سخت گرفت میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی تنصیبات اور تقسیم کے تمام نظام کی کڑی نگرانی کی جائے اور خفیہ ذرائع سے بجلی چوروں سے متعلق معلومات حاصل کرکے ان کے خلاف کامیاب آپریشن ہوناچاہیے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ فیسکو کو تمام تر انتظامی وقانونی معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں معاونت کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرکے حکومت پنجاب کو بھجوائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں بجلی چوری کی مکمل روک تھام ہونی چاہیے۔اس سلسلے میں فیسکو کے افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں۔