Live Updates

پانی کے مسئلے پر پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا رد عمل انتہائی مثبت ہے ،عمران خان

سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں ، بد انتظامی اور لوٹ مار کی وجہ سے معیشت کو سنگین خطرات درپیش ہیں ، عوام اور بزنس کمیونٹی سے مل کر ملک کو بہت جلد بحران سے نکال لیں گے،وزیر اعظم

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پانی جیسے بنیادی اور اہم مسئلے پر پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا رد عمل انتہائی مثبت ہے اور اُن کے تعاون سے پانی سمیت دیگر تمام مسائل پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر میاں تنویر احمد سے 75 لاکھ روپے مالیت کے چیک وصول کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر نائب صدر انجینئر احتشام جاوید ، سابق صدر شبیر حسین چاولہ اور ستارہ گروپ کے عمران غفور بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں ، بد انتظامی اور لوٹ مار کی وجہ سے معیشت کو سنگین خطرات درپیش ہیں تاہم یقین ہے کہ عوام اور خاص طور پر بزنس کمیونٹی سے مل کر ملک کو بہت جلد بحران سے نکال لیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ٹیکسٹائل پالیسی کے حوالے سے کہا کہ اس پر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے عمل ہو گا تاکہ ملکی برآمدات کو فوری طور پر بڑھا کے تجارتی خسارے کو کم کیا جا سکے۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر میاں تنویر احمد نے بتایا کہ معیشت کی بحالی حکومت اور بزنس کمیونٹی کا مشترکہ ایجنڈا ہے اس لئے اس سلسلہ میں پالیسی سازی کے مرحلہ پر بھی دونوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔انہوں نے ٹیکسٹائل سمیت 5 اہم برآمدی شعبوں کیلئے گیس کی یکساں نرخوں پر فراہمی کے سلسلہ میں 44 ارب روپے کی سبسڈی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے پیداواری لاگت کو کم کرنے اور برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے پانی کے سلسلہ میں طویل المعیاد حکمت عملی اختیار کرنے کے سلسلہ میں حکومت اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے ہمیشہ قومی اہمیت کے مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات