Live Updates

شہر قائد میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست پر ضمنی انتخاب (آج)ہوگا

عام انتخابات میں این اے 247 سے عارف علوی اور پی ایس 111 سے عمران اسماعیل نے کامیابی حاصل کی تھی

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) شہر قائد میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست پر ضمنی انتخاب کا معرکہ آج(اتوار) سجے گا۔این اے 247 اور پی ایس 111 میں ضمنی انتخاب کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ پولیس، رینجرز اور فوج کی نگرانی میں پولنگ کا سامان عملے کے حوالے کئے جانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ رات گئے تک متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز اور باکسز کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

حلقہ این اے 247 سے ڈاکٹر عارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم ڈاکٹر عارف علوی کے صدر مملکت منتخب ہونے اور عمران اسماعیل کے گورنر سندھ بننے کے بعد یہ دونوں نشستیں خالی ہوگئی ہیں۔این اے 247 پر تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی، ایم کیوایم کے صادق افتخار، پیپلزپارٹی کے قیصر نظامانی اور پی ایس پی کے ارشد وہرہ کے درمیان مقابلہ ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس 111 پر تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، ایم کیوایم کے جہانزیب مغل، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اور پی ایس پی کے یاسرالدین میدان میں ہیں۔این ای247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں ایک لاکھ 78 ہزار 965 ہے۔ این اے 247 میں پولنگ کے لئے 240 جبکہ پی ایس 111 کے لئے 80 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طورپر 800 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ پولنگ کے دوران فرائض سرانجام دے گا۔ ان میں 80 پریذائیڈنگ افسران، 320 پولنگ افسران ، 320 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران شامل ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات