لندن: شاپنگ پلازے کی دُوسری منزل سے کُودنے والا نوجوان خاتون پر جا گِرا

چھلانگ لگانے والا واقعے میں محفوظ رہا جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 اکتوبر 2018 16:40

لندن: شاپنگ پلازے کی دُوسری منزل سے کُودنے والا نوجوان خاتون پر جا گِرا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر2018ء) مغربی لندن کے ایک شاپنگ مال میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب ایک نوجوان لوگوں کے دیکھتے ہی دیکھتے دُوسری منزل سے کُود گیا۔لیکن شاید قدرت کو اس کی جان بچانا مقصود تھا، سو وہ زمین پر گرنے کی بجائے گراؤنڈ فلور پربنے فوڈ کورٹ میں کھانے سے محظوظ ہوتی خاتون پر جا گِرا۔یہ واقعہ سٹریٹ فورڈ شاپنگ سنٹر میں شام کو چار بجے پیش آیا۔

نوجوان اور خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال عملے کے مطابق نوجوان کی حالت تسلّی بخش ہے تاہم نوجوان کے خاتون کے سر پر گرنے کی وجہ سے اُس کی حالت کافی خراب ہے۔ شاپنگ کی غرض سے آئے ایک شخص نے بتایا کہ وہ اس وقت برقی زینے کی جانب جا رہا تھا۔ اچانک اُس نے دیکھا کہ ایک شخص گولی کی رفتار سے زمین کی جانب آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اچانک وہ گراؤنڈ فلور پر ایک خاتون کے سر پر آگرا۔

ان کا یہ تصادم اتنا شدید تھا کہ خاتون زمین پر جا گِری اور فوراً بے ہوش ہو گئی۔اس اچانک واقعے پر وہاں موجود لوگوں کے چہرے کی ہوائیاں اُڑ گئیں۔ ہر کوئی نوجوان کی طرف بھاگا۔ پر وہ تو بھلا چنگا معلوم ہوا۔ خاتون کی جان پر بن گئی تھی۔ شاپنگ سنٹر کی انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پرلندن ایمبولینس سروس کو کال کی گئی جس نے دونوں زخمیوں کے لیے دو الگ الگ ایمبولینسز بھجوادیں۔

ایمبولینس سروس کے ترجمان کے مطابق فوری طور پر دو ایمبولینسزاور طبی عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کو خود کُشی کی کوشش کرنے کے الزام میں ہسپتال سے ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کیونکہ اُس کی غیر ذمہ دارانہ حرکت کے باعث خاتون کو شدید چوٹیں آئی ہیں، اُس کی جان تو بچ گئی ہے مگر اُس کی باقی عمر اُسے شدید قِسم کے درد کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :