قومی اسمبلی کی ایک ، صوبائی اسمبلیوں کی دو نشستوں پر ضمنی انتخاب (آج) ہو گا

، ضمنی انتخاب کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ‘ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلیوں کی دو نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ (آج) اتوار کو ہو گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 کراچی، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 کراچی اور کے پی کے اسمبلی کے حلقہ پی کے 76 پشاور میں ضمنی انتخاب (آج)اتوار کو ہو گا۔

پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

ضمنی انتخاب کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 کراچی میں 16امیدوار مدمقابل ہیں، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 کراچی میں 12اور کے پی کے اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 پشاور میں 5امیدوار مد مقابل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سندھ سے قومی اسمبلی کی ایک اور دو صوبائی اسمبلیوں کی ایک ایک نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے نتائج کے حصول اور سہولت کیلئے خصوصی مرکز قائم کر دیا ہے جس میں پولنگ کے روز دو شفٹوں میں کام ہو گا۔

صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک اس مرکز میں ڈی ڈی الیکشن عاطف رحیم اور اے ڈی الیکشن I بی بی صغریٰ خدمات سر انجام دیں گی جبکہ شام چھ بجے سے ابتدائی نتائج کے اجراء تک سید ساجد حسین شاہ خدمات سر انجام دیں گے۔