اپنے اور دوسروں کے حقوق و فرائض کا ادراک رکھنے والے عوام پر مشتمل معاشروں کو ترقی اور خوشحالی سے دنیا کی کوئی طاقت محروم نہیں رکھ سکتی ،

ترقی یافتہ ملکوں میں خوشحالی کا راز سول سوسائٹی کی بیداری اور اپنی مدد آپ کے جذبے میں مضمر ہے، صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کاغیر سرکاری تنظیم کشمیر دوست انجمن فلاح وبہبود کے چنار فری ڈائیلاسز سنٹر کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 17:35

بھمبر/اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ جن معاشروں میں عوام بیدار ہوتے ہیں اور وہ اپنے اور دوسروں کے حقوق و فرائض کا ادراک رکھتے ہیں ان معاشروں کو ترقی اور خوشحالی سے دنیا کی کوئی طاقت محروم نہیں رکھ سکتی ۔ ترقی یافتہ ملکوں میں خوشحالی کا راز سول سوسائٹی کی بیداری اور اپنی مدد آپ کے جذبے میں مضمر ہے۔

ہفتہ کو بھمبر میں غیر سرکاری تنظیم کشمیر دوست انجمن فلاح وبہبود کے زیر اہتمام چلنے والے چنار فری ڈائیلاسز سنٹر کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کہی۔ تقریب سے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزاد کشمیر میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے بھمبر میں فری ڈائیلاسز سنٹر کو دس سال تک کامیابی سے حکومتی امداد کے بغیر چلانے پر تنظیم کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر دوست انجمن فلاح وبہبود نے پورے آزادکشمیر کے لوگوں کے لئے خدمت خلق اور اپنی مدد آپ کی ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنظیم کی کارکردگی اور اس سے وابستہ افراد کے جذبہ خدمت سے بے حد متاثر ہوئے ہیں اور اس تنظیم کے سفیر کی حیثیت سے دنیا بھر میں جا کر اس کی مدد کے لئے ہر دروازہ کھٹکھٹانے کے لئے تیار ہیں۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مختصر عرصے میں 38 ہزار مریضوں کو طبی سہولت مہیا کر کے اس تنظیم نے نہ صرف بھمبر کے عوام بلکہ ملحقہ پنجاب کے علاقوں کے لوگوں کے دل بھی جیت لئے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں صحت اور تعلیم کی سہولتیں مہیا کرنا حکومت آزادکشمیر کی ترجیحات میں شامل ہے لیکن حکومت تمام علاقوں میں عوام کو مطلوبہ صحت کی سہولتیں نہیں مہیا کرسکتی۔

اس لئے کشمیر دوست فلاح و بہبود کی طرح دوسری تنظیمیں بھی آگے آئیں اور معاشرے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے حکومت آزادکشمیر اور اپنی طرف سے تنظیم کے لئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کو بھمبر کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ کشمیر دوست انجمن فلاح وبہبود جیسی تنظیمیں بھمبر میں عوام کی خدمت کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر میرٹ کی بالا دستی ، قانون کی حکمرانی اور دور دراز کے علاقوں میں صحت اور تعلیم کی سہولتیں مہیا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ آج سے دس سال پہلے دو ڈائیلاسز مشینوں کے ساتھ جب اس سنٹر نے کام شروع کیا تو اس کا افتتاح انہوں نے کیا تھا اور آج 28 ڈائیلاسز مشینوں کے ساتھ ضلع بھمبر ہی نہیں بلکہ پورے آزادکشمیر کا سب سے بڑا ڈائیلاسز سنٹر بن چکا ہے۔

انہوں نے حکومت کی طرف سے تنظیم کی انتظامیہ کو ہر قسم کی امداد مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر صحت نے کہا کہ وزارت صحت نے بیرون ملک کشمیریوں کے مطالبہ پر ایک سیل قائم کیا ہے جس میں وہ ڈائیلاسز مشینوں سمیت ہر قسم کے طبی آلات اور مشینیں بطور عطیہ وصول کریں گے اور انہیں ان علاقوں میں عوام کی سہولت کے لئے مہیا کریں گے جہاں اس طرح کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے برسر اقتدار آنے کے بعد آزادکشمیر کے دس اضلاع میں 1400ملازمین کو محکمہ صحت میں بھرتی کیا جن میں نرسز کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے ۔ جبکہ 160ملین کی خطیر رقم سے 10ایمرجنسی سنٹر قائم کئے جہاں 24گھنٹے مریضوں کو علاج معالجے کی بلا معاوضہ سہولیات مہیا کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سہولیات آنے والے سالوں میں تحصیل کی سطح پر بھی لوگوں کو مہیا کی جائیں گی۔