پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ 26 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہو گی

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 17:56

پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ 26 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن (پی ٹی بی ایف) کے زیراہتمام اور مدنیہ مال اینڈ ریزڈنسیا کے تعاون سے پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ 26 اکتوبر سے لیزر سٹی بائولنگ کلب جناح پارک، راولپنڈی میں شروع ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن، سنیئر نائب صدر محمد چھٹہ اور اصرار خان چیئرمین، مدنیہ مال اینڈ ریزڈنسیا کے ہمراہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 250 سے زائد مرد اور خواتین بائولرز حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں سات کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں ماسٹرسنگلز، ڈبلز، ٹیم، ٹرایوز، لیڈیز، انڈر16، ڈیف اورمیڈیا ایونٹ کے مقابلے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں اعجاز الرحمن نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اپنی مدد آپ کے تحت پہلی 12 لائینوں پر مشتمل انٹرنیشنل سطح کا کلب قائم کیا گیا ہے جس پر یہ مقابلے منعقد ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ملائیشیا سے آئل مشین کے تجربہ کار کوچ آ رہے ہیں جن کی مدد سے ملکی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو فری تربیت دیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ احسان مانی کی جگہ کسی اور کو ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کریں، احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں اسلئے ان کیلئے وقت دینا مشکل ہے۔ انہوں نے پاکستان آرمی کے جناح پارک میں کلب کیلئے جگہ الاٹ کروانے میں مدد کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔