پاکستان کے لئے کھیلوں کی دنیا سے ایک اوراعزاز ، نعمان علی شاہ ورلڈ باکسنگ کونسل عریبک زون کے صدر منتخب

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 17:56

پاکستان  کے لئے کھیلوں کی دنیا سے ایک اوراعزاز ، نعمان علی شاہ ورلڈ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان کوکھیلوں کی دنیا سے ایک اوراعزاز مل گیا ہے۔ ورلڈ باکسنگ کونسل عریبک زون کی صدارت پاکستان کو مل گئی۔ پروفیشنل باکسنگ لیگ کے صدر نعمان علی شاہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر منتخب ہو گئے۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق یوکرین میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر موریشیو سلیمان نے عریبک زون کی صدارت کے لیے نعمان علی شاہ کے نام کا اعلان کیا ہے۔

عریبک زون میں پاکستان، بھارت،ایران، افغانستان اوراومان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ نعمان شاہ پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ کے صدر بھی ہیں۔ نومنتخب صدر نعمان شاہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خطے میں پاکستان اب باکسنگ کے قوانین سیٹ کرے گا۔

(جاری ہے)

باکسنگ 168 سے زائد ممالک میں کھیلا جانے والا کھیل ہے،چند مہینوں کے اندر پاکستان سے چیمپئن باکسرز نکلنا شروع ہو جائیں گے۔

نعمان علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کے عالمی مقابلے شروع کرانا انکی پہلی ترجیح ہوگی۔ جس طرح باقی سپورٹس میں پاکستان نے دنیا میں اپنا نام کمایا ہے اس طرح اگر پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کی حوصلہ افزائی کی جائے تو پاکستانی باکسر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ سید نعمان شاہ نے کہا کہ باکسنگ میں ہم بہت جلد اپنی ساکھ قائم کر لیں گے۔

انہوں نے ورلڈباکسنگ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی دلچسپی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کے دورہ پاکستان سے باکسنگ کو فروغ حاصل ہوگا اور بہت جلد پروفیشنل باکسنگ لیگ پاکستان میں باکسنگ مقابلوں کا آغاز کرے گی جس کے لئے باکسنگ کے باصلاحیت کھلاڑیو ں کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کر دی گئی ہیں۔ سید نعمان شاہ نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان نسل کو باکسنگ سمیت کھیلوں کی تمام مثبت سرگرمیوں میں شریک کرنے کے لئے متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان کی مختلف سپورٹس تنظیموں نے علی شاہ کی بطور صدر نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس فیصلے کو باکسنگ کے فروغ میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔