حکومت صوبوں پر مالیاتی کٹوتی نہ لگائے ‘لیاقت بلوچ

این ایف سی ایوارڈ پر قومی اتفا ق رائے کیا گیا ہے، اس سے چھیڑ چھاڑ سے ملک میں بے یقینی اور مرکز گریز رجحانات بڑھیں گے

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت صوبوں پر مالیاتی کٹوتی نہ لگائے ، این ایف سی ایوارڈ پر قومی اتفا ق رائے کیا گیا ہے، اس سے چھیڑ چھاڑ سے ملک میں بے یقینی اور مرکز گریز رجحانات بڑھیں گے ، حکومت صوبائی خود مختاری کے آئینی حقوق پر ڈاکہ زنی سے باز رہے ۔

منصورہ میں سندھ اور بلوچستان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ افغانستان میں بدامنی و دہشتگردی کے واقعات سے پاکستان پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے عوام اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں ۔ امریکہ افغانستان میں ناکام ہے ، جتنا جلد امریکہ افغان سرزمین چھوڑ دے ، یہ امن کے لیے مفید ہوگا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوجوں کا تشدد ،قتل عام اور نوجوانوں کی شہادتیں بڑاانسانی المیہ ہے ۔

علاقائی اور عالمی امن کی خاطر بھارت کے ظلم ، جنونی اور انسان دشمن ہاتھوں کو روکنا ضروری ہوگیا ہے ۔ ۔ انہوں نے کہاکہ ملک داخلہ ، خارجہ اور اقتصادی بحرانوں کی دلدل میں دھنستا چلا جارہاہے ۔ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں حکومت کی نااہلی ، غیر جمہوری ، آمرانہ اور تکبر پر مبنی رویہ کی وجہ سے مفلوج ہوگئی ہیں ۔ حکمران جماعت جمہوری روایات کے استحکام کے لیے اپوزیشن کے ساتھ تعلقات کار کی راہ ہموار کرے ۔ ایک ماہ میں دو سری مرتبہ گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ سے گھر یلو، کاروباری اور پیداواری لاگت میں اضافہ سے مہنگائی عوام کے لیے جان لیوا بن رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے ۔