مقبوضہ کشمیر،حریت رہنمائوں کا شہید نوجوانوں کے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی

شہداء کی عظیم قربانیوںکو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا،جموں و کشمیر مسلم کانفرنس چیئرمین سالویشن موومنٹ ظفر اکبر بٹ کی بھارتی فوجیوں کی شہریوںکی مارپیٹ کی شدید مذمت ،نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 18:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کا ایک وفد بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں معراج الدین بنگرو اور رئیس احمد میر کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر میں انکے گھروں میں گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وفد کی قیادت نذیر احمد لون کر رہے تھے جبکہ اس میں محمد سلطان ماگرے اور معراج دین صالحے شامل تھے۔

وفد نے اس موقع پر کہا کہ بھارت کشمیریوںکی بڑے پیمانے پر نسل کشی کر رہا ہے ۔ وفد کے ارکان نے شہید نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوںکو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ تحریک وحدت اسلامی کا ایک وفد بھی محمد مقبول ماگامی کی قیادت میں شہید معراج الدین بنگرو او ر شہید رئیس احمد کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فتح کدل سرینگر گیا۔

(جاری ہے)

محمد مقبول ماگامی نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری نوجوان اپنے گرم گرم لہو سے حق خود ارادیت کی تحریک کی آبیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے جموں کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ فوری طور پر ختم کرنا چاہیے۔ دریں اثنا حریت رہنما انجینئر ہلال احمد وار اور جاوید احمد میر بھی شہید معراج دین بنگر وکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فتح کدل سرینگر میں انکے گھر گئے۔

انہوں نے اس موقع پرکہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر بھارت کے پنجہ استبداد سے آزاد ہوگا۔ادھر جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع پلوامہ کے علاقے ترچل میں شہریوںکی مارپیٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض فوجیوں کو کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوںپر مظالم کی کھلی چھٹی دی گئی ہے ۔ انہوںنے حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی گرفتار ی کی تازہ لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :