Live Updates

حلقہ پی پی27 جہلم کی نشست پر دوبارہ گنتی کا عمل مکمل

جیتی ہوئی نشست پر مسلم لیگ ن کو دھچکا، دوبارہ گنتی میں ووٹوں کی تعداد کم ہوگئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 اکتوبر 2018 19:02

حلقہ پی پی27 جہلم کی نشست پر دوبارہ گنتی کا عمل مکمل
جہلم (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر 2018ء) حلقہ پی پی27 جہلم کی نشست پر دوبارہ گنتی کا عمل مکمل، جیتی ہوئی نشست پر مسلم لیگ ن کو دھچکا، دوبارہ گنتی میں ووٹوں کی تعداد کم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ پی پی 27جہلم میں دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کی فتح برقرار رہی اورناصر محمود 438ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئے ہیں۔ تاہم ان کے ووٹوں کی تعداد کم ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی خالی کردہ جہلم سے پنجاب اسمبلی کی نشست پر 14اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ناصر محمود 656ووٹ کی برتری سے کامیاب رہے تھے۔ تاہم بعد ازاں تحریک انصاف کے امیدوار راجہ شاہنواز کی درخواست پر دوبارہ گنتی کا عمل شروع کیا گیا جو اب چار دن میں مکمل ہوا ہے۔ دوبارہ گنتی کے بعد پہلے حاصل کردہ ووٹوں میں کمی کے باوجود ن لیگ کے ناصر محمود نے 61139ووٹ جبکہ ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوار راجہ شاہنواز نے 60701ووٹ حاصل کر سکے۔

(جاری ہے)

ناصر محمود کے دوبارہ گنتی میں کامیاب ہونے پر ن لیگ کی جانب سے جہلم میں جشن بھی منایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 14 اکتوبر کو ضمنی الیکشن کے معرکہ میں پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 35 حلقوں میں سے سب سے زیادہ پندرہ نشتیں جیتیں۔ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی چار، خیبر پختونخوا کی چھ جبکہ پنجاب اسمبلی کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

جبکہ ن لیگ مجموعی طور پر گیارہ نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔ ن لیگ نے قومی اسمبلی کی چار، پنجاب اسمبلی کی چھ اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایک نشست جیتی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی اتحادی ق لیگ نے بھی 2 نشستیں جیتیں جبکہ پنجاب اسمبلی کی ایک نشست پرکامیاب ہونے والے آزاد امیدوار نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات