قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں ایس سی او کے رکن ملکوں کے وزراء تعلیم کا ساتویں اجلاس کا انعقاد،

جون 2018میں چین میں منعقدہ ایس سی او سٹیٹ کونسل کے سربراہ اجلاس میں طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا رکن ملکوں کے مابین دو طرفہ کثیر الجہتی تعاون کو مزید توسیع دینے،لیکچررز و طلباء کے تبادلوں،مشترکہ ریسرچ منصوبوں،پروفیشنل تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، شرکاء

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 19:14

قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں ایس سی او کے رکن ملکوں کے وزراء ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے رکن ملکوں کے وزراء تعلیم کا ساتواں اجلاس قزاخستان کے دارلحکومت آستانہ میں منعقد ہوا۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن ارشد علی نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ تنظیم کے دیگر رکن ملکوں قزاخستان،چین،کرغیزستان،روس،تاجکستان،ازبکستان اور بھارت کے وزراء و نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کا اہتمام وزارت خارجہ،تعلیم و سائنس قزاخستان کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ قزاخستان کے وزیر برائے تعلیم و سائنس یرلان سگادیف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔اجلاس میں جون 2018میں چین میں منعقدہ ایس سی او سٹیٹ کونسل کے سربراہ اجلاس کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ رکن ملکوں کے مابین دو طرفہ کثیر الجہتی تعاون کو مزید توسیع دینے،لیکچررز و طلباء کے تبادلوں،مشترکہ ریسرچ منصوبوں،پروفیشنل تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اجلاس کے دوران رکن ملکوں کے قومی تعلیمی نظام کو جدیدی خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے امور اور 2019-20کیلئے تعاون کے ترجیحی شعبوں کو زیر بحث لایا گیا۔رکن ملکوں نے یونیورسٹی آف شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام اور آپریٹ کرنے سے متعلق ایس سی او حکومتوں کے مابین طے پانے والے معاہدے پر تیزی سے عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا۔