ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 19:17

ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، ایف سکس، سپر مارکیٹ اسلام آباد کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شبیر عباسی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے عہدیداران کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد حسین اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی یقین دہانی کی پاسداری کیلئے کوششیں تیز کریں کیونکہ قانون کرایہ داری نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد میں تاجروں کی جبری بے دخلیوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس سے تاجر بردری پریشانی کاشکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ اسلام آباد کا چہرہ ہے لہذا سی ڈی اے اس کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ وفاقی دارالخلافہ کے پوش علاقے میں واقع ہے جس وجہ سے غیر ملکی سفراء اور غیر ملکی وزیٹرز سمیت دیگر اہم شخصیات خریداری کیلئے اکثر مارکیٹ کا دورہ کرتی ہیں۔ لہذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے سپر مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ کی فراہمی یقینی بنائے، کار پارکنگ کو مزید وسعت دے اور پارکنگ کی بہتر کارپیٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سٹریٹ لائٹس کو فوری بحال کرے ۔

انہوں نے ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر سپر مارکیٹ کے تمام اہم مسائل حل کرانے کی کوششوں میں ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ تاجر برادری کے اکثر مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں اور چیمبر جلد ہی چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ اہم مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔