Live Updates

صوبائی حکومت احتساب کمیشن کے حوالے سے وضاحت پیش کرے ، شگفتہ ملک

بی آر ٹی پر جتنا پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے اس سے نیا شہر آباد ہو سکتا ہے، بجٹ سیشن میں خطاب

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 19:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی جائنٹ سیکرٹری اور ایم پی اے شگفتہ ملک نے صوبائی وزیر خزانہ کی جانب سے پچھلی حکومتوں پر تنقید کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامساعد حالات کے باوجود بھی عوامی نیشنل پارٹی کی حکومت نے عوام پر ٹیکسسز نہیں لگائے،صوبے کی تباہی کی تمام تر ذمہ داری پاکستان تحریک انصاف کی سابق حکومت پر عائد ہوتی ہے،صوبائی اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ سابق حکومتوں پر جو الزامات لگا رہے ہیں وہ دراصل تحریک انصاف کی پچھلی حکومت کو طعنہ دے رہے ہیں کہ کاش آپ کنٹینر پر نہ چڑھتے تو آج الفاظ کے ہیر پھیر کا بجٹ پیش نہ کرتے،اگر تحریک انصاف کی پچھلی حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہوتی تو عوام کی فلاح کیلئے بہت کام کیا جاسکتا تھا،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان تحریک انصافا کو آج تک یقین نہیں ہورہا کہ وہ حکومتی بینچز کا حصہ ہے اسی وجہ سے وہ اپنی حکومت میں بھی پچھلی حکومتوں پر صرف الزامات عائد کررہی ہے،انہوں نے حکومت پر یہ بھی واضح کیا کہ اگر پچھلے پانچ سالوں کے دوران صوبے کے خزانے کو بے رحمی سے استعمال نہ کیا جاتا تو حالات اس نہج تک نہ پہنچتے،انہوں نے صوبائی حکومت سے احتساب کمیشن کے احتساب کا مطالبہ بھی کیا اور واضح کیا کہ اسمبلی فلور پر یہ وضاحت کی جائے کہ احتساب کمیشن پر جو اربوں روپے خرچ ہوئے وہ کس کس مد میں خرچ ہوئے،اسی طرح اپنی تقریر میں شگفتہ ملک نے بی آر ٹی کے حوالے سے بھی حکومت سے ڈیڈلائن کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جتنا بجٹ بی آر ٹی منصوبے پر خرچ کیا گیا ہے اس سے ایک نیا ایک شہر آباد ہوسکتا تھا،اسمبلی میں یہ وضاحت بھی پیش کی جائے کہ کس کے کہنے پر پچھلی صوبائی حکومت نے بی آر ٹی منصوبہ شروع کیا تھا،انہوں نے صوبہ بھر میں آسامیوں کے خاتمے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے وضاحت طلب کی کہ آپ جن آسامیوں کو ختم کررہے ہیں کیا یہ وہ ایک کروڑ نوکریوں والا پروجیکٹ ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات