Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب اہمیت اختیار کرگیا

سعودی عرب نے وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ دورے میں ادھورے رہ جانے والے معاملات طے کرنے کا عندیہ دے دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 20 اکتوبر 2018 19:42

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب اہمیت اختیار کرگیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-20 اکتوبر 2018ء) : سعودی عرب نے وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ دورے میں ادھورے رہ جانے والے معاملات طے کرنے کا عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں ہونے والی ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تو بڑے بڑے ممالک اور بڑے بڑے سرمایہ کاروں کو خود اس کانفرنس میں مدعو کر رہے ہیں اور ان ممالک اور سرمایہ کاروں کو دعوت دی جائے گی کہ وہ آ کر سعودی عرب میں سرمایہ کاری کریں۔

اس حوالے اہم ترین خبر یہ ہے کہ یہ کانفرنس ایسے وقت میں سعودی عرب میں منعقد ہونے جارہی ہے جبکہ مغربی دنیا کے بیشتر ادارے اور ممالک اس کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔تاہم موجودہ حالات میں وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو سعودی عرب کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں اور اس کے علاوہ بھی سعودی حکام سے ملاقات کریں تاکہ وہ معاملات جو گزشتہ دورے میں نامکمل رہ گئے تھے ان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دورے میں وزیراعظم عمران خان اس امید پر سعودی عرب گئے تھے کہ وہ سعودی عرب سے امداد لے سکیں جس کی بنیاد پر پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس جانے سے بچایا جا سکے لیکن سعودی عرب کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط کے باعث پاکستان اور سعودی عرب کے معاملات طے نہیں پاسکے تھے تایم امید ظاہر کی جارہی ہے کہ آنے والا دورہ پاکستان کے حق میں بہتر ثابت ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات