سعید غنی کا شہر میں آئے روز جاری بجلی کے بریک ڈائون پر سخت تشویش کا اظہار

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے شہریوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی کی تمام کوششوں کو بجلی کے بریک ڈائون کے باعث ممکن نہیں بنایا جاسکتا، صوبائی وزیر

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 20:33

سعید غنی کا شہر میں آئے روز جاری بجلی کے بریک ڈائون پر سخت تشویش کا ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) وزیر بلدیات و کچی آبادی سندھ سعید غنی نے شہر میں آئے روز جاری بجلی کے بریک ڈائون پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور نیپرا سے اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سندھ حکومت اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے شہریوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی کی تمام کوششوں کو بجلی کے بریک ڈائون کے باعث ممکن نہیں بنایا جاسکا رہا۔

لائنوں کے ٹوٹنے اور ہیوی مشینوں کی خرابیوں سے سندھ حکومت کو کروڑوں روپے کا نقصان بھی بھگتنا پڑ رہا ہے اور عوام کو آئے روز کروڑوں گیلن پانی کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کا شہر میں بجلی کے بریک ڈائون اب آئے روز کا سلسلہ بنتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی نااہلیوں کے باعث ایک جانب کراچی کا کاروبار زندگی مفلوج ہوا ہے تو دوسری جانب پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ ہفتہ کو ہونے والے پریک ڈائون سے دھابیجی، پیپری سمیت شہر کو فراہمی کے لئے تمام پمپنگ اسٹیشن بند ہوگئے ہیںاورکڑوروں گیلن پانی کی فراہمی کی بندش سے عوام کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ بجلی کے متعدد بار بریک ڈائون اور صرف 20 روز میں چوتھی بار بریک ڈائون سے 4 بار پانی کی مین لائنیں ٹوٹ چکی ہیں۔

دھابیجی اور پیپری پر دو ہیوی موٹریں بجلی کی اچانک بندش سے جل گئی ہیں اور اس کی مرمت پر کرڑوں روپے کے اخراجات بھی سندھ حکومت کو برداشت کرنے پڑگئے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی کی سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کی تمام کاوشوں پر کے الیکٹرک نے پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور نیپرا فوری طور پر کے الیکٹرک سے جواب طلب کرے اور نظام کی بہتری کے لئے انہیں فوری ہدایات دیں۔