Live Updates

کراچی،پورٹ قاسم اتھارٹی کے سینکڑوں متاثرہ ملازمین کا ہفتے کو 27 ویں روز بھی پریس کلب کے باہر احتجاج جاری

تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا کیمپ کا دورہ ، دھرنے میں شرکت مزدوروں کے لیے اسمبلی میں آواز اٹھانے کا اعلان

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2018ء) پورٹ قاسم اتھارٹی کے سینکڑوں متاثرہ ملازمین کا ہفتے کو 27 ویں روز بھی کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج جاری رہا۔ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا کیمپ کا دورہ کیااور دھرنے میں شرکت کی اس موقع پر انہوں نے مزدوروں کے لیے اسمبلی میں آواز اٹھانے کا اعلان بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق مزدوروں کا احتجاج ہفتے کو بھی جاری رہا۔ احتجاجی پنڈال میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ یہ دھرنا ورکرز یونین آف پورٹ قاسم سی بی اے کی اپیل پر دیا جارہا ہے۔ ہفتے کو پاکستان تحریک انصاف باجوڑ ایجنسی کے اراکین قومی اسمبلی گل ظفر خان، سیف الرحمان محسود، کراچی کے نو منتخب ایم این اے عالمگیر خان، ایم این اے کیپٹن ریٹائرڈ جمیل، اراکین صوبائی اسمبلی شاہ نواز خان جدون، سعید خان آفریدی و دیگرنے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور بہت دیر تک مزدوروں کے ساتھ رہے۔

(جاری ہے)

صدر ورکرز یونین اخلاق احمد ، جنرل سیکریٹری حسین بادشاہ، عبدالواحد، فضل معبود، پیر گل بادشاہ اور دیگر مزدور رہنماؤں نے انہیں کیمپ میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان نے کہا کہ پورٹ قاسم کے 1751 متاثرہ مزدوروں کے حوالے سے ان کی وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کے وزیر علی زیدی سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور اس سلسلے میں رات کو دوبارہ ملاقات بھی ہو گی۔

اس کے علاوہ وہ سندھ کے پی ٹی آئی کے منتخب اراکین سے بھی رابطے میں ہیں۔انہوں نے چیئرمین پورٹ قاسم سے بھی بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاک ورکرز کے قوانین جب کراچی پورٹ پر لاگو ہیں تو یہاں پر کیوں نہیں عمل کیا جارہا۔ اس میں کیاقانونی رکاوٹ ہی گل ظفر خان نے کہا کہ اگر وزارت پورٹ اینڈ شپنگ ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے تو وہ پیر کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس اور پھر قومی اسمبلی کے فلور پر بھی ان مزدوروں کے لیے آواز اٹھاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک ان متاثرین کی شنوائی نہیں ہوئی۔ حکومت کسی کی بھی ہو، مزدور کی سیاسی وابستگی کسی بھی جماعت سے ہو۔ ان کے جائز مسائل پہلی فرصت میں حل ہونے چاہیے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عالمگیر خان نے کہا کہ انہیں پہلے معلوم نہیں تھا۔تاہم وہ جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور مزدوروں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سطح پر بھی وہ قائدین سے بات کریں گے اور آواز اٹھائیں گے۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات