حکومت ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والے کرپٹ عناصر کو کسی صورت بھی نہیں چھوڑے گی ، احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا ،

کسی بھی ملک سے بات چیت میں ملکی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا، شریف خاندان کی مقبولیت تیزی سے کم ہو رہی ہے، مجھے نہیں لگتا کہ شریف خاندان سیاست میں مزید چل سکے، سی پیک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، ہم چاہتے ہیں باقی ممالک بھی اس منصوبے کے انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھائیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 22:37

حکومت ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والے کرپٹ عناصر کو کسی صورت بھی نہیں چھوڑے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والے کرپٹ عناصر کو کسی صورت بھی نہیں چھوڑے گی ، احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا ،کسی بھی ملک سے بات چیت میں ملکی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا، شریف خاندان کی مقبولیت تیزی سے کم ہو رہی ہے، مجھے نہیں لگتا کہ شریف خاندان سیاست میں مزید چل سکے، سی پیک منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، ہم چاہتے ہیں باقی ممالک بھی اس منصوبے کے انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کا ایجنڈا ہی کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب ہے کیونکہ پی ٹی آئی کو ووٹ ہی کرپٹ عناصر کے احتساب پر پڑا اور اگر ہم ان کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کرتے تو ہمارا ووٹر ہم سے بہت مایوس ہو گا جو ہم کبھی نہیں چاہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو پی ٹی آئی کی حکومت سے بہت زیادہ توقعات ہیں اور ہم ان عوامی توقعات پر پورا اترنے کی پوری پوری کوشش کر رہے ہیں، اگر ہم عوامی توقعات پر پورا نہ اترے تو آئندہ مشکلات ہو سکتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت دیگر آپشنز پر غور کررہے ہیں ، ہم وہی کریں گے جو ملک و قوم کے مفاد میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ قرضہ لینا مسائل کا حل نہیں ہے اس لیے موجودہ حکومت اپنے دوست ممالک سے بھی مکمل رابطے میں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ سی پیک کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جسے ہم آگے لیکر چلنا چاہتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ باقی ممالک بھی اس منصوبے کے انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھائیں، اس میں سرمایہ کاری کریں تاکہ ملکر آگے چلیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ شریف خاندان سیاست میں مزید چل سکے کیونکہ مستقبل کی صورتحال میں پاکستان مسلم لیگ (ن) مزید مشکلات میں آئے گی اور شریف خاندان کو ہل میٹل کیس سمیت متعدد کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی مقبولیت تیزی سے کم ہو رہی ہے کیونکہ لوگ انکے حقیقی چہرے سے واقف ہو چکے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ڈیزل کی قیمت میں کمی آئی ہے، بجلی کی قیمت میں بھی ابھی کوئی اضافہ نہیں ہوا ۔