ویتنام کا انوکھا کیفے جہاں آپ تیرتی مچھلیوں کے درمیان بیٹھ کر کھانے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 20 اکتوبر 2018 23:52

ویتنام کا انوکھا کیفے جہاں آپ تیرتی مچھلیوں کے درمیان بیٹھ کر کھانے ..

دنیا بھر میں کیفوں میں مختلف جانور رکھنے کا رواج تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ ان کیفوں میں لوگ جانوروں کے ساتھ یا جانوروں کو دیکھتے ہوئے کھانے پینے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ایسے کیفے بچوں کے لیے کافی تفریح کا باعث ہوتے ہیں، اس لیے اکثرکیفے مالکان کوشش کرتے ہیں کہ ان کے کیفے میں ایسے جانور رکھے جائیں جو بچوں کے ساتھ گھل مل جائیں۔
امیکس کیفے دنیا کا واحد کیفے ہے جہاں پر داخل ہونے سے پہلے آپ کو جوتے اتار کر اپنے پاؤں اچھی طرح دھونے پڑتے ہیں۔

اس کے بعد آپ اس کیفے کے پانی بھرے ماحول میں داخل ہو سکتے ہیں۔ اس کیفے کی ہر منزل میں تقریباً 20 سینٹی میٹر پانی بھرا ہوتا ہے، کیفے کے مالک نے اس پانی میں رنگین مچھلیاں چھوڑی ہوئی ہیں، جو گاہکوں کے پاؤں کو چھوتی تیرتی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

کیفے میں داخل ہونے سے پہلے گاہکوں سے مچھلیوں کے حوالے سے خیال رکھنے کی درخواست کی جاتی ہے۔
امیکس کیفے ویتنام کے ہو چی منہ سٹی میں واقع ہے۔

اس کی دو منزلوں پر فرش پر پانی میں سینکڑوں مچھلیاں چھوڑی گئی ہیں۔ کیفے کی ہر منزل کا رقبہ 20 مربع میٹر ہے۔
اس ریسٹورنٹ کے مالک گوائن ڈوارک ہوا کا کہنا ہے کہ اس ریسٹورنٹ کی دونوں منزلوں پر ہر وقت 10 ہزار لیٹر پانی موجود ہوتا ہے، جسے صاف رکھنا ایک چیلنج ہے۔ یہ کیفے پانی کو صاف رکھنے کے لیے ٹرپل فلٹریشن سسٹم کا استعمال کرتا ہے۔ اس ریسٹورنٹ میں وقفے وقفے سے پانی تبدیل بھی کیا جاتا ہے۔

انتظامیہ کے لیے اصل مسئلہ لوگوں خاص طور پر بچوں کو مچھلیوں کو تنگ کرنے سے روکنا ہوتا ہے۔ گوئن کا کہنا ہے کہ بہت سے والدین تو مسئلہ نہیں کرتے لیکن ان کے شرارتی بچے مچھلیوں کے پیچھے بھاگتے ہیں، جس کی یہاں اجازت نہیں ہے۔
اس کیفے کی پہلی منزل پر چھوٹی مچھلیاں اور دوسری منزل پر 300 گرام کی بڑی جاپانی مچھلیاں ہیں۔ گوئن کا ارادہ ہے کہ پہلی منزل کی چھوٹی مچھلیوں کو بھی بڑی مچھلیوں سے بدل لیا جائے کیونکہ چھوٹی مچھلیاں جلد مرجاتی ہیں۔
بہت سے لوگ جہاں امیکس کیفے کے لیے مثبت تبصرے کررہے ہیں، وہیں کچھ لوگ مچھلیوں کو اس طرح لوگوں کے درمیان رکھنے پر اتنظامیہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنارہے ہیں۔

ویتنام کا انوکھا کیفے جہاں آپ تیرتی مچھلیوں کے درمیان بیٹھ کر کھانے ..

متعلقہ عنوان :