گوادر کی مقامی آبادی کے مسائل کے حل کے بغیر گوادر کی ترقی بے معنی ہوگی، وزیراعلی بلوچستان

اتوار 21 اکتوبر 2018 00:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ گوادر کی مقامی آبادی کے مسائل کے حل کے بغیر گوادر کی ترقی بے معنی ہوگی، بڑی بڑی عمارتیں اور کشادہ سڑکیں تو بن جائیں گی لیکن ان کا فائدہ اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک مقامی آبادی ترقیاتی عمل میں شراکت دار نہیں بنے گی، مقامی لوگوں اور ماہی گیروں کے مسائل اتنے بڑے نہیں ہیں کہ حل نہ ہوسکیں گے، صرف سنجیدگی کی ضرورت ہے اور یہ سیاسی لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ ان مسائل کو حل کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ماہی گیروں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزراء میر ظہوراحمد بلیدی ،سردار عبدالرحمن کھیتران،میر نصیب اللہ مری، نورمحمد دمڑ،سردار صالح محمد بھوتانی، میر ضیاء لانگو ،محمد سلیم کھوسہ، عارف محمد حسنی صوبائی مشیر محمد خان لہڑی، مٹھا خان کاکڑ سمیت چیرمین گوادرپورٹ اتھارٹی دوستین خان جمالدینی، ڈاکٹر سجاد حسین ،ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات، گوادر کمشنر مکران سیدال لونی اور ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن( ر) محمد وسیم جبکہ ماہی گیر نمائندہ کمیٹی کے سربراہ حاجی خداداد واجو اور ضلعی چیئرمین بابو گلاب بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد نے وزیراعلیٰ کو ماہی گیروں کو درپیش مسائل بالخصوص مجوزہ ایسٹ بے ایکسپریس کی تعمیر میں ماہی گیروں کی کشتیوں کے تحفظ کے لئے بریک واٹر کی تعمیر کے حوالے سے اپنے موقف سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ گوادر کی ترقی کے منصوبوں میں مقامی آبادی کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا ، خاص طور پر ماہی گیروں کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے اور ان سے مشاورت کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ایسٹ بے ایکسپریس کی تعمیر کے منصوبے کے ڈیزائین میں بریک واٹر کی تعمیر کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے چیئرمین جی پی اے کو پورٹ اتھارٹی کے حکام، ضلعی انتظامیہ اور ماہی گیروں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کے ذریعہ بریک واٹر کی تعمیر کی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتفاق کیاگیا ہے کہ ایکسپریس وے میں تین جگہوں پر ماہی گیروں کو شکار پر جانے کے لیے گزرگاہیں دی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کی ترقی میں پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے اور ان کے حقوق کا ہر صورت تحفظ اور دفاع کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماہی گیروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے انہیں حل کرنے کی ہرممکن کوشش کرے گی اور اس سلسلے میںماہی گیری کی صنعت کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کررہی ہے ماضی کی غلط پالیسیوں سے ماہی گیروں کو مشکلات کا سامنا ہے جنہیں حکومت بہت جلد حل کر کے د وبارہ انہیں اپنے پائوں پر کھڑاکرے گی۔