پاک افغان بارڈر باب دوستی کو آمدو رفت کے لیے کھول دیا گیا

چمن پاک افغانستان سرحد پر تجارتی سرگرمیاں ایک بار پھر سے بحال ہو گئیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 21 اکتوبر 2018 11:45

پاک افغان بارڈر باب دوستی کو آمدو رفت کے لیے کھول دیا گیا
چمن (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-21 اکتوبر 2018ء) : پاک افغان بارڈر باب دوستی کو آمدو رفت کے لیے کھول دیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک بار پھر سے چمن پاک افغانستان سرحد پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہو گئیں ہیں۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ،نیٹو سپلائی اور تجارتی ٹرک دونوں ملکوں میں داخل ہونے لگے۔افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے باعث باب دوستی دو دن تک بند رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں ہفتے کے روز ہو نے والے پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں پاک افغان بارڈر کو سیکورٹی کے پیش نظر بند کیا گیا تھا، دونوں ہمسایہ ممالک پاکستان اور افغانستان نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جب کہ بارڈر کے دونوں طرف سیکورٹی اہلکاروں کا گشت جاری رہی ۔دونوں طرف سخت سیکورٹی کے انتظامات کے باعث ٹریفک معطل رہی ۔

(جاری ہے)

سیکورٹی حکام کے مطابق باب دوستی افغان حکام کی درخواست پر بند کیا گیا تھا۔اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ افغانستان کے صوبہ قندھار میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاک افغان سرحد پر سیکورٹی سخت کر دی گئی اور سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق قندھار میں حالیہ دہشت گردی اور سپن بولدک میں دھماکوں کے بعد پاک افغان سرحد پر سیکورٹی سخت کر دی گئی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی کے بھی سخت حفاظت انتظامات کر دیئے گئے ۔

پچھلے ہفتے میں بھی پاک افغان بارڈر باب دوستی بند رہی۔ پاک افغان بارڈر باب دوستی کو تین روز کی کشیدگی کے بعد منگل کے روز آمدورفت کے لیے کھولا گیا تھا۔ سیکیورٹی حکام کی جانب سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق پاک افغان حکام کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد باب دوستی کو ہر طرح کی آمدورفت کے لئے کھولا گیا۔ اور پاک افغان بارڈر کا راستہ کھولتے ہی سرحد پار تمام تر تجارتی سرگرمیاں پھر سے بحال ہو گئیں تھیں۔

پچھلے ہفتے پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی جس کے باعث باب دوستی کو ہر طرح کی تجارت اور آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔چمن سیکیورٹی حکام کے مطابق گزشتہ دنوں افغان فورسز نے تنگہ درہ کے علاقے میں خار دار باڑ لگانے والی پاکستانی فورسز کی ٹیم پر پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی تھی جس پر پاکستانی فورسز نے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی تھی تاہم فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔