Live Updates

نئی ٹیسٹ رینکنگ ،محمد عبا س تیسرے بہترین باﺅلر بن گئے

فخر زمان،بابر اعظم اور سرفراز احمدکو بھی محنت کا صلہ مل گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 21 اکتوبر 2018 12:27

نئی ٹیسٹ رینکنگ ،محمد عبا س تیسرے بہترین باﺅلر بن گئے
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اکتوبر2018ء) پاکستانی فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے محض10میچز کھیل کر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں باﺅلرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے ۔محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں 10شکار کیے تھے جس کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو373رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی ۔

28سالہ محمد عباس نے رینکنگ میں 11درجے ترقی پاکر تیسری پوزیشن اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ 800رینکنگ پوائنٹس کا سنگ میل بھی عبور کیا،ان کے علاوہ ساتھی لیگ سپنر یاسر شاہ اور جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر نے بھی محض10ٹیسٹ میچز کے بعد 800پوائنٹس کا سنگ میل عبو ر کیا تھا ۔ تین کھلاڑیوں نے 10سے کم ٹیسٹ میچزمیں800پوائنٹس اپنے نام کیے تھے لیکن وہ19صدی میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلے تھے ، انگلینڈ کے ٹام رچرڈ سن نے محض1896ءمیں محض8ٹیسٹ میچز کھیل کر یہ کارنامہ سر انجام دیا ،آسٹریلیا کے چارلی ٹرنر نے1892ءمیں 9میچز کھیل کر یہ کارنامہ سر انجام دیا جبکہ آسٹریلیااور انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے جان فیرس نے بھی 1892ءمیں 9میچز کھیل کر یہ کارنامہ سر انجام دیا ۔

(جاری ہے)

محمد عباس نے21ویں پوزیشن کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کا آغا ز کیا تھا اور وہ800پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرنے والے 10ویں پاکستانی باﺅلر ہیں ،ان کے علاوہ فضل محمود (16ٹیسٹ)،عمران خان اوروسیم اکرم(37ٹیسٹ )،وقار یونس (12ٹیسٹ)، مشتاق احمد(25ٹیسٹ )،شعیب اختر(29ٹیسٹ )اور محمد آصف اور سعید اجمل (19ٹیسٹ ) بھی یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں ۔پاکستانی آف سپنر بلال آصف نے نئی ٹیسٹ رینکنگ میں 17درجے ترقی کے ساتھ 52ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے جب کہ کپتان سرفراز احمد نے ابوظہبی ٹیسٹ میں 94اور81رنز کی باریاں کھیلنے کے بعد17سیڑھیاں پھلانگ کر25ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے ۔

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں 94اور66رنز سکور کرکے68ویں پوزیشن کے ساتھ رینکنگ میں اینٹری دی ہے جب کہ بابر اعظم نے9درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین76ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے ،آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے74ویں سے 59ویں ، ٹریوس ہیڈ نے 102ویں سے97ویں اور فاسٹ باﺅلر مچل سٹارک نے 96ویں سے89ویں پوزیشن پر ترقی پائی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات